نیوز ڈیسک//
سرینگر/ 18اگست//مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جمعہ کے روز مرکزی مسلح پولیس فورس کے اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ ماحولیات کے تحفظ کو اپنی زندگی کا لازمی حصہ بنائیں۔ سی این آئی کے مطابق وزیر موصوف یہاں مسلح پولیس فورسز کی ملک گیر شجرکاری مہم کے تحت چار کروڑ واں پودا لگانے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ یہ سیکورٹی فورسز، اجتماعی طاقت میں 10 لاکھ سے زیادہ اہلکار، اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ اس سال کے آخر تک ملک بھر میں 5 کروڑ پودے لگانے کا ہدف پورا ہو جائے گا۔شاہ نے 12 جولائی 2020 کو گروگرام، ہریانہ میں سی پی آر ایف کیمپ سے سینٹرل پولیس فورسز کے ذریعہ ‘ ماحولیاتی تحفظ’ تھیم پر مبنی شجرکاری مہم کا ا?غاز کیا اور مرکزی وزارت داخلہ کی کمان میں تمام فورسز کو درخت لگانے کا کام سونپا گیا تھا۔ان فورسز میں سی آر پی ایف، بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف)، انڈو تبت بارڈر پولیس (آئی ٹی بی پی)، سنٹرل انڈسٹریل سیکورٹی فورس (سی آئی ایس ایف)، سشاستر سیما بال (ایس ایس بی)، نیشنل سیکورٹی گارڈ (این ایس جی)، نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس (این ڈی آر ایف) اور آسام رائفلز شامل ہیں وزیر داخلہ نے کہا کہ جب انہوں نے اس اقدام کی منصوبہ بندی کی تو کچھ حلقوں میں شکوک و شبہات تھے کہ کیا پودے لگانے کے یہ اعداد و شمار حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ پھر بھی، وزارت داخلہ کے تحت مسلح پولیس فورسز اور دیگر فورسز نے اسے ممکن بنایا کیونکہ انہوں نے یہ میگا مشن شروع کیا جسے ماحول کے تحفظ اور بقا کے لیے ‘مہا کمبھ’ کہا جا سکتا ہے۔انہوں نے یہاں سی آر پی ایف کیمپ میں جوانوں سے کہا، ”جس طرح آپ نے بہادری اور ملک کی سلامتی کو اپنی فطرت بنا لیا ہے، میں آپ سے گزارش کرتا ہوں کہ اسی طرح ماحول کے تحفظ کو اپنا طرز زندگی بنائیں۔’ ‘انہوں نے کہا کہ اس طرح آپ آنے والی نسلوں کے لیے آکسیجن کو یقینی بنائیں گے اور ماحول کو پہنچنے والے نقصان اور اوزون کی تہہ کو پہنچنے والے نقصان کو کم کرنے میں مدد کریں گے۔