سرینگر/25اکتوبر:بھارت میں ہتھیاروں کی پوجا کسی زمین پر غلبہ حاصل کرنے کیلئے نہیں بلکہ اپنی حفاظت کیلئے کی جاتی ہے کی بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ ملک کا عوام بھگوان رام کی عظمت کو جانتے ہیں اور ملک کی سرحدوں کی حفاظت کرنا بھی جانتے ہیں۔سٹار نیور نیٹ ورک کے مطابق وجے دشمی کے موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ ہندوستان میں ہتھیاروں کی پوجا کسی سرزمین پر غلبہ حاصل کرنے کیلئے نہیں بلکہ اپنی زمین کی حفاظت کیلئے کی جاتی ہے۔انہوں نے کہا ’’ہندوستانی سرزمین پر ہتھیاروں کی پوجا کسی سرزمین پر غلبہ پانے کیلئے نہیں بلکہ اپنی سرزمین کی حفاظت کیلئے کی جاتی ہے۔ ہماری شکتی پوجا صرف ہمارے لیے نہیں ہے بلکہ پوری دنیا کی فلاح و بہبود کیلئے ہے‘‘۔انہوں نے کہا ’’میں تمام ہم وطنوں کو نوراتری اور وجے دشمی کی بہت بہت مبارکباد دیتا ہوں۔ یہ تہوار برائی پر اچھائی کی فتح کی علامت ہے۔ اس بار ہم وجے دشمی منا رہے ہیں جب چاند پر ہماری فتح کو 2 ماہ ہو چکے ہیں۔ ہم گیتا کا علم جانتے ہیں اور آئی این ایس وکرانت اور تیجس کو بنانے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔‘‘وزیر اعظم مودی نے مزید کہا کہ ملک کے لوگ بھگوان رام کی عظمت کو جانتے ہیں اور ملک کی سرحدوں کی حفاظت کرنا بھی جانتے ہیں۔انہوں نے کہا ’’آج ہم خوش قسمت ہیں کہ ہم بھگوان رام کے عظیم ترین مندر کو تعمیر ہوتے ہوئے دیکھنے کے قابل ہیں۔ ایودھیا میں اگلی رام نومی پر رام للا کے مندر میں گونجنے والا ہر نوٹ پوری دنیا کیلئے خوشی کا باعث بنے گا۔ بھگوان رام کے رام مندر میں قیام کے لیے صرف چند مہینے باقی ہیں۔ ‘‘