سری نگر،3 اگست : چیمپیئنز ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے چوتھے ایڈیشن کے پہلے میچ میں منگل کے روزبیک کنٹری بیشرز نے کنگس الیون مورن پلوامہ کو 135 رنوں سے شکست دے دی۔یہ ٹورنامنٹ ڈل گیٹ کرکٹ فریٹرنٹی کے زیر انتظام کھیلا جا رہا ہے اور اس میں وادی کشمیر کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والی 32 ٹیمیں شمولیت کر رہی ہیں۔بیک کنٹری بیشرز نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے مقررہ 30 اوورز میں 195 کا اسکور کھڑا کیا۔کنگس الیون مورن پلوامہ کی پوری ٹیم اس اسکور کا تعاقب کرتے کرتے صرف 61 رنوں پر ڈھیر ہوگئی۔بیک کنٹرہ بیشرز کے محسن کو مرد میدان قرار دیا گیا جنہوں نے چھ وکٹیں حاصل کیں۔ٹورنامنٹ کے اس افتتاحی میچ کے موقع پر جموں و کشمیر یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس کے ڈائریکٹر جنرل محمد اشرف بٹ نے ڈلگیٹ کرکٹ فریٹرنٹی کو ایسے ٹورنامنٹس کا انعقاد کرنے پر مبارک باد پیش کی۔انہوں نے کہا کہ ایسی کھیل سرگرمیوں کا انعقاد کرنا ہر فریٹرنٹی کی سماجی ذمہ داری ہے تاکہ نوجوان کھیلوں کے ساتھ مصروف رہ سکیں۔انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ میں آج یہاں اس موقع پر موجود ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت ایسی کھیل سرگرمیوں کا انعقاد کرنے کے لئے تمام تر تعاون فراہم کرے گی۔موصوف ڈائریکٹر نے کہا کہ ایسے ٹورنامنٹس کے انعقاد سے نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے مظاہرے اور ان کو نکھارنے کا موقع ملتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے کھلاڑی قومی سطح بلکہ بین الاقوامی سطح کے کھیل مقابلوں میں شرکت کر سکیں۔ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کو اپنے خوابوں کو پورا کرنے کے لئے زیادہ سے زیادہ محنت کرنی چاہئے۔(یو این آئی)