سری نگر،3 اگست: جموں و کشمیر پروفیشنل لیگ 2021 -22 میں اعلیٰ پوزیشن حاصل کرنے پر جموں و کشمیر فٹبال ایسو سی ایشن (جے کے ایف اے) نے حیدریہ سپورٹس کشمیر ایف سی کو آئی لیگ کے سیکنڈ ڈویژن کے لئے نامزد کیا ہے۔یہ فیصلہ جموں وکشمیر فٹبال ایسو سی ایشن اور حیدریہ سپورٹس کشمیر ایف سی کے درمیان ایک میٹنگ کے دوران لیا گیا۔یہ میٹنگ جے کے ایف اے کے صدر دفتر واقع آبی گذر میں منعقد ہوئی جس میں حیدریہ سپورٹس کی نمائندگی چیئرمین فیروز حسین نے جبکہ جے کے ایف اے کی نمائندگی ایسوسی ایشن کے صدر ضمیر احمد ٹھاکر اور جنرل سکریٹری پروفیسر بی اے شاہ نے کی۔اس موقع پر حیدریہ سپورٹس کشمیر ایف سی کے چیئرمین نے جے کے ایف اے اور جموں و کشمیر سپورٹس کونسل کا شکریہ ادا کرتے کہا کہ ان کے غیر مشروط سپورٹ سے ہی ہماری ٹیم کامیابی کی بلندیوں پر فائز ہونے میں کامیاب ہوئی۔انہوں نے جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے بھی حیدریہ سپورٹس کو سپورٹ فراہم کرنے کی اپیل کی۔ان کا کہنا تھا کہ حیدریہ سپورٹس منشیات کے خلاف مہم چلانے کے علاوہ نوجوانوں کو با اختیار بنانے اور ان کے لئے قومی و بین الاقوامی سطح پر پلیٹ فراہم کرا رہا ہے۔ (یو این آئی)