نئی دہلی، راجیہ سبھا کے چیئرمین ایم وینکیا نائیڈو اور لوک سبھا اسپیکر اوم برلا کا خیال ہے کہ اراکین پارلیمان کا غیر مہذب رویہ برداشت نہیں کیا جانا چاہیے اور اس پر مناسب کارروائی کی جانی چاہیے۔مسٹر نائیڈو اور مسٹر برلا نے جمعرات کو یہاں ملاقات کی اور دونوں ایوانوں میں اراکین پارلیمان کے غیر مہذب رویے پر تشویش کا اظہار کیا۔ نائب صدر کی سیکرٹریٹ نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ دونوں عہدیداروں نے پارلیمنٹ کے مانسون سیشن کے دوران اراکین پارلیمان کے رویے کے حوالے سے ایک میٹنگ کی۔ٹویٹ میں کہا گیا ‘نائب صدر اور راجیہ سبھا کے چیئرمین مسٹرایم وینکیا نائیڈو نے آج لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا سے ملاقات کی اور پارلیمنٹ کے حالیہ سیشن کے دوران پیش آئے بدقسمت واقعات پر تشویش کا اظہار کیا۔ دونوں ایوانوں کے اعلیٰ عہدیداروں نے کچھ اراکین پارلیمنٹ کی طرف سے کارروائی میں خلل ڈالنے پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ ان کا موقف تھا کہ اس طرح کے غیر مہذب رویے کو برداشت نہیں کیا جانا چاہیے اور مناسب کارروائی کی جانی چاہیے۔پارلیمنٹ کا مانسون سیشن اپوزیشن کے خلل کی وجہ سے قبل از وقت ملتوی کردیا گیا۔ اس دوران راجیہ سبھا میں کچھ اراکین پارلیمنٹ اور اسسٹنٹ سکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ ہاتھا پائی کی گئی ۔ وہیں اس دوران اپوزیشن نے کہا ہے کہ سکیورٹی اہلکاروں نے اراکین پارلیمنٹ کے ساتھ مار پیٹ کی ۔