بھوپال ، 12 اگست:مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے جمعرات کو کہا کہ ٹوکیو اولمپکس میں ہندوستانی مردوں کی ہاکی ٹیم کا کانسہ کا تمغہ جیتنا ایک سنگ میل ہے ، ٹیم کا ہدف اولمپکس میں طلائی تمغہ جیتنا ہونا چاہیے۔چوہان نے قومی ہاکی ٹیم کے نوجوان کھلاڑی وویک ساگر کے ساتھ یہاں اسمارٹ پارک میں پودے لگائے۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے چوہان نے کہا کہ یہ نہ صرف مدھیہ پردیش بلکہ ملک کے لیے فخر کی بات ہے کہ برسوں بعد ہاکی ٹیم نے اولمپکس میں تمغہ جیتا ہے۔ لیکن یہ ایک وقفہ ہے۔ ٹیم کو ابھی اولمپکس میں طلائی تمغہ جیتنا ہے۔مدھیہ پردیش کے ضلع اٹارسی کے رہنے والے وویک ساگر کی موجودگی میں انہوں نے کہا کہ ٹیم کے کھلاڑیوں کو بھرپور کوشش کرنی چاہیے تاکہ ٹیم اولمپکس میں طلائی تمغہ جیت سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی ہاکی ٹیم کی کارکردگی ملک میں ہاکی کا نشا ۃثانیہ ہے۔ کھلاڑیوں کو اپنی پوری کوشش کرنی چاہیے ، حکومت انہیں ہر سہولت فراہم کرے گی۔چوہان نے 21 سالہ وویک ساگر کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک عام فیملی سے آیا ہے اور اپنے عزم اور محنت سے بلندیوں تک پہونچے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وویک کو ابھی کم از کم دس سے پندرہ سال کھیلنا ہے ، اس لیے اسے مزید محنت کرنی چاہیے۔ ریاست میں کھیلوں کے میدان میں ہونے والی ترقی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت اس کے لئے بہتر اور مزید وسائل فراہم کر رہی ہے۔وویک کو آج مدھیہ پردیش حکومت نے ایک کروڑ روپے کی سمان ندھی کی رقم دیکر کر اعزاز سے نوازا۔ اس سے قبل وویک ساگر وزیراعلیٰ کی رہائش گاہ پہنچے جہاں چوہان نے انہیں روایتی انداز میں شال اور شری پھل دےکر ان کا استقبال کیا۔چوہان نے کہا کہ ہندوستانی خواتین ہاکی ٹیم نے بھی اولمپکس میں بہتر ین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ کبھی کبھی چانس کی بات بھی ہوتیہے اور ٹیم بہتر کارکردگی کے باوجود تمغے سے محروم ہو گئی۔ لہٰذا مدھیہ پردیش حکومت نے خواتین ہاکی ٹیم کی ممبران کو پہلے ہی 31-31 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے اور جلد ہی ان کے لئے اعزازی تقریب کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔ (یو این آئی)