نئی دہلی ، 15 اگست:نائب صدر ایم ونکیا نائیڈو نے اتوار کو کہا کہ ہم سب کو مل کر ایک نئے ہندوستان کی تعمیر کے لیے کام کرنا چاہیے تاکہ ملک کے تمام شہریوں کو یکساں مواقع فراہم ہوں۔75 ویں یوم آزادی پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ اس موقع پر یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ ملک کی ترقی ہر فرد کی ترقی اور زندگی کے وقار کو یقینی بنانے میں مددگار ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے تمام شہریوں کے تحفظ ، انصاف ، آزادی ، مساوات اور بھائی چارے کے عظیم آئینی آدرش کے حصول کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔مسٹر نائیڈو نے کہا’’میں یوم آزادی کے خوشی کے موقع پر ملک کے عوام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ آزادی کے 75 ویں سال میں ہمیں اپنے بانی رہنماؤں کی ان گنت قربانیوں کو یاد رکھنا چاہیے جنہوں نے ہمارے ملک کو بنایا۔ آزادی حاصل کی اور اپنے خوابوں کے ہندوستان کی تعمیر کے لیے کوششوں کا عزم کیا‘‘۔انہوں نے کہا کہ یوم آزادی کے اس پر مسرت موقع پر آئیے اپنے اندر کی توانائیوں کو دوبارہ دریافت کرنے ، اپنے لوگوں کی بے پناہ صلاحیتوں کا ادراک کرنے اور ہندوستان کو اقوام کے گروہ میں اس کا صحیح مقام دلانے کے لیے ایک بار پھر خود کو وقف کریں۔ (یو این آئی)