جوہانسبرگ، 7ستمبر:جنوبی افریقہ کی فٹبال ٹیم کے خلاف یہاں پیر کو ایف این بی اسٹیڈیم میں عالمی کپ کوالیفائر مقابلہ 1-0سے شکست کھانے کے بعد گھانا فٹبال ٹیم کی قطر2022فیفا عالمی کپ فائنل میں کوالیفائی کرنے کی امید کم ہوگئی ہے۔دراصل میچ میں گھانا کے سات اسٹار کھلاڑی موجود نہیں رہے، جن کی بدولت اس نے گزشتہ جمعہ کو ایتھوپیا کو 1-0سے شکست دی تھی۔ تجربہ کار کھلاڑیوں کے نہ ہونے کے سبب ٹیم گول کے زیادہ مواقع نہیں بنا سکی۔ جبکہ جنوبی افریقہ کی ٹیم جس نے جمعہ کو زمبا بوے کے ساتھ ڈرا کھیلا تھا، دوسرے ہاف میں تیزی اور چستی دکھائی اور ایک گول داغ کرکے میچ جیت لیا اور نہایت اہم تین پوائنٹ حاصل کئے۔ بونگا کوہلے ہلونگوین نے 83ویں منٹ میں یہ گول کیا۔اس جیت کی بدولت جنوبی افریقہ اب گروپ جی میں چار پوائنٹ کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ گھانا تین پوائنٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ ان کے علاوہ ایتھوپیا اور زمبابوے بھی گروپ میں ہیں۔یو این آئی