نئی دہلی: عام آدمی پارٹی کے قومی کونسل کے اجلاس کے دوران پارٹی کے کنوینر اور وزیر اعلیٰ دہلی اروند کیجریوال نے کارکنان سے خطاب کیا۔ کیجروال نے اپنے خطاب کے دوران اپنی حکومت کی پیٹھ تھپتھپاتے ہوئے کسی بھی طرح کے عہدے کی خواہش سے دور رہنے کا درس دیا۔خطاب کے دوران اروند کیجریوال نے کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ دو سال سے پورا ملک اور پوری دنیا اس صدی کی مہلک ترین وبا سے نبردآزما ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1918 کے قریب اسپینش فلو آیا تھا اور وہ بھی کورونا ہی کی طرح خطرناک تھا۔ اب 100 سال بعد پھر سے وبا آئی ہے۔ اس دوران آپ کی عام آدمی پارٹی کی حکومت نے بہترین کوششیں کی ہیں۔انہوں نے کہا کہ متعدد کام تو ایسے ہیں جو پہلی مرتبہ کئے گئے ہیں، مثلاً پلازمہ تھیرپی دہلی میں پہلی مرتبہ استعمال کی گئی۔ دنیا کا پہلا پلازمہ بینک دہلی میں کھلا۔ دہلی نے ہوم آئسولیشن کی تکنیک پوری دنیا کو دی۔ اس دوران کورونا کے علاج میں ڈاکٹر، نرس، پیرامیڈیکل اسٹاف شہید ہوئے تو ان کے کنبہ کو ایک کروڑ روپے کی رقم بطور احترام فراہم کی گئی۔ ہم سب نے مل کر کورونا وائرس پر قابو پایا ہے۔ امید کرتا ہوں کہ تیسری لہر کا سامنا نہ ہو۔کیجریوال نے کہا کہ ملک بھر سے ایسی خبریں موصول ہو رہی ہیں کہ عام آدمی پارٹی کے کارکنان نے اپنی سطح پر کورونا کے دور میں لوگوں کی خوب مدد کی ہے۔ یہ سکون دینے والی خبریں تھی اور اسی کے لئے عام آدمی پارٹی بنی ہے۔ اس دوران دلیپ پانڈے کا خوب تذکرہ ہوتا تھا اور ملک میں بے شمار دلیپ پانڈے تھے۔انہوں نے مزید کہا عام آدمی پارٹی ملک کے لئے بنی ہے، سماج کے لئے بنی ہے۔ کسی بھی صورت میں اقتدار حاصل کرنا پارٹی کا مقصد نہیں ہے۔ گزشتہ 7 سے 8 سال کے ہمارے سفر نے یہ دکھا دیا ہے۔ عام آدمی پارٹی خدمت کے لئے بنی ہے اور قربانی کے لئے بنی ہے۔کیجریوال نے کہا اگر آپ کے دل میں عہدہ لینے کی خواہش جاگ جاتی ہے اور جس کے دل میں لالچ جاگ جاتا ہے تو وہ خدمت کرنے کے لائق نہیں رہتا۔ اگر دل میں خواہش گھر کر جائے تو اسے قابو کرنے کا ایک طریقہ ہے، اگر آپ پہلے 8 گھنٹے کام کر رہے ہیں تو آگے 10 گھنٹے، 12 گھنٹے اور 14 گھنٹے کام کرنا شروع کر دیجئے۔