نئی دہلی ، 23 ستمبر۔ دہلی ہائی کورٹ نے ٹیبل ٹینس فیڈریشن آف انڈیا کی اس شق پر عبوری روک لگا دی ہے کہ کسی بین الاقوامی ٹورنامنٹ میں انتخاب کے لیے قومی کیمپ میں شرکت لازمی ہے۔جسٹس ریکھا پلی نے یہ حکم ٹیبل ٹینس کھلاڑی منیکا بترا کی درخواست پر دیا۔سماعت کے دوران مرکزی حکومت کی جانب سے پیش ہوئے اے ایس جی چیتن شرما نے کہا کہ انتخاب کی واحد بنیاد میرٹ ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے کی آزادانہ جانچ کی جائے گی۔شرما نے کہا کہ اسپورٹس کوڈ میں ایسا کچھ نہیں ہے جو کسی کھلاڑی کو اس بنیاد پر روکے کہ اس نے کیمپ میں حصہ نہیں لیا ہے ۔ایسا ہونے کی وجہ سے ملک ایک ٹیلنٹ سے محروم ہو جائے گا۔واضح ہو کہ 20 ستمبر کو عدالت نے مرکزی حکومت اور ٹیبل ٹینس فیڈریشن آف انڈیا کو نوٹس جاری کیا تھا۔ٹیبل ٹینس فیڈریشن نے حال ہی میں ایشین چیمپئن شپ کے لیے ٹیم کا اعلان کیاتھا۔ منیکا بترا کا نام اس ٹیم میں شامل نہیں تھا۔منیکا بترا نے اس فیصلے کے خلاف درخواست دائر کی ہے۔ بترا کی عالمی درجہ بندی 56 ویں ہے جبکہ ان کی جگہ 97 ویں عالمی درجہ بندی کی ستیرتھ مکھرجی کو بھیجا جا رہا ہے۔فیڈریشن کے مطابق منیکا نے سونی پت میں منعقدہ قومی کیمپ میں شرکت نہیں کی جس کی وجہ سے انہیں ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔ایشین چیمپئن شپ 28 ستمبر سے دوحہ میں شروع ہونے والی ہے۔ ٹوکیو اولمپکس کے بعد سے منیکا بترا اور فیڈریشن کے درمیان تعلقات خراب ہیں۔ منیکا قومی کوچ کے بغیر ٹوکیو اولمپکس کھیلنے اتری تھیں ، جس کی وجہ سے فیڈریشن نے انہیں شوکاز نوٹس جاری کیاتھا۔ منیکا اولمپکس کے سنگلس میں تیسرے راونڈ میں پہنچ گئی۔ وہ ایسا کرنے والی پہلی ہندوستانی خاتون ٹیبل ٹینس کھلاڑی تھیں۔