ممبئی، 29 ستمبر:ہندوستان کے کرکٹ لیجنڈ سنیل گاوسکر کا خیال ہے کہ روہت شرما کو اگلے دو ورلڈ کپ کے لیے ہندوستانی کرکٹ ٹیم کا کپتان ہونا چاہیے۔گاوسکر نے بدھ کواسٹار اسپورٹس کے پروگرام ’ کرکٹ کنیکٹڈ‘ کے دوران ہندوستانی ٹیم کے اگلے کپتان اور نائب کپتان کے تعلق سے اپنی پسند کے بارے میں کہا ، "میرے خیال میں روہت شرما کو اگلے دو ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے کپتان ہونا چاہیے۔ میرا مطلب ایک کے بعد ایک ورلڈ کپ سے ہے۔ پہلا ایک مہینے میں شروع ہو رہا ہے، جبکہ دوسرا اب سے ٹھیک ایک سال بعد ہے۔ ظاہر ہے کہ آپ اس مخصوص مرحلے پر بار بار کپتان تبدیل کرنے کا تجربہ نہیں کرنا چاہتے ہیں۔ ان دونوں ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے ہندوستانی ٹیم کی کپتانی کے لیے روہت شرما یقینی طور پر میری پسند ہوں گے۔ ان کے علاوہ، میں نائب کپتان کے لیے کے ایل راہل کو دیکھ رہا ہوں۔ ”عظیم بلے باز نے کہا ، "میں رشبھ پنت کو بھی ذہن میں رکھوں گا ، کیونکہ جس طرح سے انہوں نے اسٹارکھلاڑیوں والی دہلی کی ٹیم کی قیادت کی ہے اورجس طرح سے وہ ٹی-20 فارمیٹ میں گیندبازی میں تبدیلی کررہے ہیں، وہ واقعی متاثر کن رہا ہے۔ وہ نورتجے اور ربادا کو بہت چالاکی سے استعمال کر رہے ہیں جوانہیں ہوشیار اور اسمارٹ کپتان بناتا ہے اور آپ ہمیشہ ایسا ہی کپتان چاہتے ہیں جو حالات کو پڑھ سکے اور ان پر فوری رد عمل ظاہر کرے، لہٰذا راہل اور پنت دو ایسے کھلاڑی ہیں جنہیں میں نائب کپتان کے طور پر دیکھنا چاہوں گا۔ (یو این آئی)