دبئی ، 30 ستمبر:راجستھان رائلز کرکٹ کے ڈائریکٹر کمار سنگاکارا نے یہاں رائل چیلنجرز بنگلور کے خلاف آئی پی ایل میچ میں اچھی شروعات کے بعد بلے بازی پوری طرح سے ناکام ہونے اور آخر میں ملی شکست کے بعد کہا کہ ان کی ٹیم بلے بازی کے ساتھ بہت ہوشیار نہیں ہے اور ہر کوئی اسے اچھی طرح سے واقف ہے۔کمار سنگاکارا شکست کے لئے کسی کو ذمہ دار ٹھہرانے میں یقین نہیں رکھتے اور آئی پی ایل میچ میں رائل چیلنجرز بنگلور سے ہارنے کے بعد انہوں نے کہا کہ ہارنا اور جیتنا کھیل کا حصہ ہے۔ ناقص بلے بازی کی وجہ سے راجستھان رائلز کو آری سی بی سے شکست کا سامنا کرنا پڑا جس کی وجہ سے ٹیم کو پلے آف میں پہنچنے کی امیدوں کو دھچکا لگاہے۔سنگاکارا نے میچ کے بعد پریس کانفرنس میں کہا ، "ہم اپنی ٹیم پر الزامات نہیں لگاتے۔ ہم ساتھ میں جیتتے ہیں اور ایک ساتھ ہارتے ہیں۔ ہم نے اچھا نہیں کیا اور ہم سب یہ جانتے ہیں۔ ہم چیزوں کو سادہ رکھ کر پریکٹس پر توجہ دیتے ہیں۔ کوشش یہی رہتی ہے کہ حکمت عملی پر توجہ مرکوز کی جائے۔سنگاکارا نے کہا کہ ان کا کام ٹیم پر دباؤ ڈالنا نہیں بلکہ رہنمائی کرنا ہے۔ انہوں نے کہا ، "میرا کام ان پر زیادہ دباؤ ڈالنا نہیں ہے بلکہ یہ بتانا ہے کہ دباؤ سے کیسے نکلنا ہے اور اپنی بہترین کوشش کرنا ہے۔”سنگاکارا نے ٹیم کی بلے بازی کے سلسلے میں کہا ، "ہندوستان میں ٹورنامنٹ کے پہلے ہاف میں ، ہم پاور پلے میں جدوجہد کر رہے تھے اور مڈل اور لوئر آرڈر ہمیں میچ میں واپس لا رہا تھا ، لیکن یہاں دوسرے مرحلے میں ہم اس کے برعکس ہو گئے ۔ ہم نے دہلی کے خلاف میچ کے علاوہ پاور پلے میں بہت اچھا کام کیا ہے۔ ہمیں وہ رن مل رہے ہیں جن کی ہمیں ضرورت ہے ، لیکن اب ہم واقعی سمجھ نہیں پا رہے ہیں کہ درمیانی اوورز اور آخر میں اننگز کا شاندار اختتام کیسے کیا جائے ۔جب ہمیں اسٹیج ملتا ہے ، جیسے ہم نے بنگلور کے خلاف اس میچ میں 11 اوور کے بعد ایک وکٹ پر 100 رنز بنائے ، یہاں سے کیسے آگے بڑھیں اور 180 یا 185 تک کیسے پہنچے ، ہمیں یہ پتہ لگانے کی ضرورت ہے۔ ” (یو این آئی)