دبئی : جو کوئی بھی 14 نومبر 2021 کو دبئی میں ٹی 20 ورلڈ کپ ٹرافی جیتے گا ، اسے تقریبا 12 کروڑ روپے (16 لاکھ ڈالر) کا نقد انعام ملے گا۔اس کی تصدیق اس وقت ہوئی جب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اتوار کو ٹورنامنٹ کے لیے مجموعی طور پر 42 کروڑ روپے (56 لاکھ امریکی ڈالر) کی انعامی رقم کا اعلان کیا ۔ رنر اپ ٹیم کو 8 لاکھ ڈالر (تقریبا 6 کروڑ روپے) ملیں گے جبکہ سیمی فائنل میں ہارنے والی ٹیموں کو ہر ایک کوچار چار لاکھ ڈالر(تقریبا 3 کروڑ روپے) دیئے جائیں گے۔سپر 12 میں ہر میچ جیتنے پر ٹیم کو تقریبا 30 لاکھ روپے ملیں گے ۔ اس مرحلے میں کل 30 میچ کھیلے جائیں گے۔ اس مرحلے کے بعد جو آٹھ ٹیمیں آگے نہیں بڑھ پاتی ہیں ،ان سب کو تقریبا 52 لاکھ روپے کی انعامی رقم دی جائے گی۔اس کے علاوہ ٹورنامنٹ کے پہلے یعنی کوالیفائنگ مرحلے میں کھیلے جانے والے 12 میچوں میں ایک جیت حاصل کرنے پر ٹیموں کو تقریبا 30 لاکھ روپے ملیں گے۔ ساتھ ہی اس مرحلے میں ہار کر گھر جانے والی ہر ٹیم کو 30 لاکھ روپے دیے جائیں گے ۔ 17 اکتوبر سے شروع ہونے والے پہلے مرحلے میں آٹھ ٹیمیں حصہ لیں گی جہاں آئرلینڈ ، نمیبیا ، نیدرلینڈ اور سری لنکا گروپ اے کا حصہ ہوں گے۔ گروپ بی میں عمان ، پاپوا نیو گنی ، سکاٹ لینڈ اور بنگلہ دیش آمنے سامنے ہوں گے۔ ان دونوں گروپوں کی ٹاپ 2 ٹیمیں سپر 12 مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی۔آئی سی سی نے یہ بھی اعلان کیا کہ ٹورنامنٹ میں ہر اننگز میں 10 اوور کھیلنے کے بعد آفیشل ڈرنکس بریکس ہوگا۔ اس وقفے کا دورانیہ ڈھائی منٹ ہوگا۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے موسم کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ تاہم متحدہ عرب امارات میں گرمیوں کا موسم اپنے اختتام کو پہنچ رہا ہے اور نومبر میں درجہ حرارت قدرے ٹھنڈا ہونے کی توقع ہے۔ (یو این آئی)