دبئی ، 14 اکتوبر: ایان مورگن کی قیادت والی ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈرز آئی پی ایل میں تیسری بار اور مہندر سنگھ دھونی کی قیادت والی چنئی سپر کنگز چوتھی مرتبہ خطاب جیتنے کےمقصد سے جمعہ کے روز فائنل میں آمنے سامنے ہوں گی۔یہ چنئی کا نویں فائنل ہے جبکہ کولکتہ کی ٹیم تیسری بار فائنل کھیلے گی۔ دونوں ٹیموں نے لیگ مرحلے میں ٹاپر رہنے والی دہلی کیپٹلز کو شکست دی اور فائنل میں داخلہ حاصل کیا ۔ چنئی نے پہلے کوالیفائر میں دہلی کو چار وکٹوں سے جبکہ کولکتہ نے کل سنسنی خیز مقابلے میں دہلی کو تین وکٹوں سے شکست دی۔ جمعہ کے روز فائنل میں چنئی اور کولکتہ کے بیچ زبردست مقابلہ ہوگا۔دو بار کے فاتح کولکتہ کے لیے یہ تیسرا فائنل ہے اور اس نے اپنے پچھلے دونوں فائنل جیتے ہیں ، جبکہ چنئی کے لیے یہ نواں فائنل میچ ہوگا اور وہ تین بار فاتح رہا ہے۔کولکتہ کے کپتان مورگن اور چنئی کے کپتان دھونی میدان میں کافی پرسکون رہتے ہیں لیکن کارکردگی کے لحاظ سے دونوں کپتانوں میں بہت فرق ہے۔ دھونی نے دہلی کے خلاف پہلے کوالیفائر میں صرف چھ گیندوں ناٹ آوٹ 18 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو ایک ناممکن نظر آنے والی جیت دلائی جبکہ دوسرے کوالیفائر میں مورگن بغیر کوئی رن بنائے پویلین چلے گئے تھے لیکن راہل ترپاٹھی نے روی چندرن اشون کے آخری اوور کی پانچویں گیند پر سیدھے چھکا لگاکر کے کے آر کو فائنل میں پہنچا یا تھا۔ (یو این آئی)