نئی دہلی، 15 اکتوبر: وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ خودکفیل ہندوستان مہم کے تحت ہمارا مقصد ہندوستان کو دنیا کی سب سے بڑی فوجی طاقت بنانا ہے اور یہاں ایک جدید فوجی صنعت کو ترقی دینا ہے مسٹر مودی نے یہ بات وزارت دفاع کی جانب سے جمعہ کو وجےدشمی کے موقع پر سات نئی دفاعی کمپنیوں کو قوم کے لیے وقف کرنے کے لیے منعقدہ ایک ورچول تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ ، وزیر مملکت برائے دفاع اجے بھٹ اور دفاعی صنعت ایسوسی ایشن کے نمائندے بھی موجود تھے۔وزیر اعظم نے بتایا کہ خودکفیل ہندوستان مہم کے تحت ملک کا ہدف ہندوستان کو دنیا کی سب سے بڑی فوجی طاقت بنانا ہے اور ہندوستان میں جدید فوجی صنعت کی ترقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سات کمپنیاں آنے والے وقتوں میں ملک کی فوجی طاقت کا مضبوط اڈہ بن جائیں گی۔سابق صدر اے پی جے عبدالکلام کو یاد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کمپنیوں کی تشکیل سے ڈاکٹر کلام کا ایک مضبوط ہندوستان بنانے کا خواب پورا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آج سابق صدر بھارت رتن ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام جی کا یوم پیدائش ہے۔ ایک طاقتور ہندوستان کی تعمیر کے لیے جس طرح کلام صاحب نے اپنی زندگی وقف کی، یہ ہم سب کے لیے ایک تحریک ہے۔ "دفاعی شعبہ میں حکومت کی طرف سے کی گئی اصلاحات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس کے نتیجے میں دفاعی شعبے میں اس سے زیادہ شفافیت ، اعتماد اور ٹیکنالوجی پر مبنی اپروچ پہلے کبھی نہیں تھی۔ انہوں نے بتایا کہ آزادی کے بعد پہلی بار ہمارے دفاعی شعبہ میں اتنی بڑی اصلاحات ہورہی ہیں ، جمود کی پالیسیوں کے بجائے سنگل ونڈو سسٹم کا نظم کیا گیا ہے۔ (یو این آئی)