نئی دہلی، 18اکتوبر: وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے آج کہاکہ دنیا پر غلبہ حاصل کرنے کے لئے بحریہ کا مضبوط ہونا ضروری ہے اور یہ اچھی بات ہے کہ ہندستانی بحریہ سمندری اور قومی سلامتی میں مضبوطی کے ساتھ اہم کردار ادا کررہی ہے مسٹر سنگھ نے پیر کو یہاں بحریہ کے چوٹی کمانڈروں کے سیمنار کے دوسرے مرحلہ کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہو ئے کہا کہ ہمارے ملک کی جغرافیائی حالت کئی معاملات میں انوکھی ہے۔ تین اطراف سے بڑے سمندروں سے گھرا ہونے کے سبب ہمارا ملک اسٹریٹجک، تجارتی اور وسائل کے نظریہ سے بہت زیادہ اہم ہے۔انہوں نے کہاکہ سمندری علاقہ میں تجارت اور اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے امن اور استحکام کا ماحول ضروری ہے اور اس میں بحریہ کا کردار بہت اہم ہے۔ ممالک کے مابین اقتصادی اور سیاسی تعلقات بہت تیزی سے بدلنے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اقتصادی مفادات کے سبب تعلقات میں کچھ کشیدگی بھی پیدا ہوتی ہے۔اس کے مدنظر تجارت اور اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے ہندستانی سمندری علاقوں میں امن اور استحکام قائم رکھنے کی بہت زیادہ ضرورت ہے۔ آئندہ وقت میں سمندری علاقہ میں امن او ر استحکام یقینی بنانے کیلئے بحریہ کا کردار کئی گنا بڑھنے والا ہے۔انہوں نے کہاکہ صرف وہی ممالک دنیا میں اپنا غلبہ جما نے کامیاب رہے ہیں جن کے پاس طاقتور بحریہ ہے اور مجھے یہ کہتے ہوئے خوشی ہورہی ہے کہ ہماری سمندری اور قومی سلامتی میں بحریہ اہم کردار کررہی ہے۔وزیر دفاع نے کہاکہ سمندری علاقہ کا ذمہ دار ملک ہونے کے ناطے ہندستان بحرہند کے علاقہ میں اصولوں، امن اور قواعد پر مبنی نظام کی حمایت کرتا ہے۔ وہ ایک ایسے نظام کی حمایت کرتا ہے جس میں نیوی گیشن اور آزاد تجارت کی آزادی کے ساتھ ساتھ تمام ممالک کے مفادات کی حفاظت ہو۔ اس سمندری علاقہ میں اہم ملک ہونے کے ناطے سیکورٹی کے نظریہ سے ہندستانی بحریہ کا کردار مزید زیادہ اہم ہوجاتا ہے۔ انہوں نے اطمینا ن ظاہر کیا کہ بحریہ اپنی ذمہ داری بخوبی انجام دے رہی ہے۔ (یو این آئی)