دبئی، 30اکتوبر:آئی سی سی ٹی۔20 عالمی کپ 2021 کے یہاں اتوار کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے جانے والے سپر 12 راؤنڈ کے مقابلے میں ہندستان کی نگاہیں سیمی فائنل پر ہوں گی۔ ہندستانی ٹیم نیوزی لینڈ کو شکست دے کر ٹورنامنٹ میں پہلی جیت درج کرنے کے ساتھ ساتھ سیمی فائنل کی راہ میں ایک قدم آگے بڑھانا چاہے گی۔نیوزی لینڈ کا بھی یہی ارادہ ہوگا۔دبئی بین الاقوامی کرکٹ اسٹیڈیم پر شام ساڑھے سات بجے کھیلاجانے والا یہ میچ ہر لحاظ سے دلچسپ ہوگا۔ فی الحال دونوں ہی ٹیموں کی جیت کا اکاؤنٹ نہیں کھلا ہے۔ دونوں کو ہی پاکستان کے خلاف اپنے پہلے میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑاتھا۔ ہندوستان جہاں یکطرفہ انداز میں شکست کھایا تھا وہیں نیوزی لینڈ کو تھوڑے بہت چیلنج کے بعد شکست حاصل ہوئی تھی۔ ایسے میں دونوں ہی ٹیمیں مضبوط واپسی کرتے ہوئے جیت درج کرکے اپنا لوہا منوانا چاہیں گی۔ یہ میچ ہارنے والی ٹیم کا سیمی فائنل میں پہنچنے کی راہ بہت مشکل ہو جائے گی۔ٹیم کی کارکردگی کی بات کریں تو پہلے میچ میں ہندوستان کا ٹاپ آرڈر کولیپس کرگیا تھا۔ حالانکہ کپتان وراٹ کوہلی نے 57 رن بناکر رشبھ پنت اور دیگر بلے بازوں کے ساتھ مل کر ٹیم کو 151 کے چیلنج سے بھرپور اسکور تک پہنچایا تھا لیکن پاکستان کی بلے بازی کے سامنے یہ اسکور ڈیفنڈ کرنے کے لیے کافی ثابت نہیں ہوئی۔ یہاں تک کہ ہندستانی گیند باز پاکستان کا ایک بھی وکٹ نہیں لے پائے تھے۔ وہیں نیوزی لینڈکی حالت بلے بازی میں ناگفتہ بہ تھی لیکن اس نے گیند بازی میں پاکستان کو خاصی ٹکر دی تھی۔ کین ویلیم سن، ڈیوون کونوے اور ڈیرل مچیل اچھے فارم میں ہیں۔ (یو این آئی)