ابوظہبی، 5 نومبر۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں سری لنکا کے خلاف 20 رن کی شکست سے مایوس ویسٹ انڈیز کے کپتان کیرون پولارڈ نے کہا کہ شکست واقعی دل توڑنے والی تھی۔بتادیں کہ جمعرات کی شب کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں تین وکٹوں پر 189 رنز بنائے جس کے جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 8 وکٹوں پر 169 رنز ہی بنا سکی۔کپتان پولارڈ نے میچ کے بعد کہا، میرے خیال میں یہ ایک دل توڑنے والی ہار تھی۔ ٹورنامنٹ کے آغاز سے لے کر ٹورنامنٹ کے دوران ٹیم کے لیے بہت سی مختلف چیزیں غلط ہوئیں۔ بلے بازوں نے پورے ٹورنامنٹ میں جدوجہد کی ہے۔ یہ مایوس کن ہے۔”ہمیں صرف یہ تسلیم کرنا ہوگا کہ ہم نے اچھا نہیں کیا۔ لوگ مایوس ہیں، میں خود بھی مایوس ہوں۔ امید ہے کہ جب ورلڈ کپ میں ہمارے میچز ختم ہوں گے تو ہم کچھ معلومات فراہم کرنے کے اہل ہوں گے کہ ہم کہاں غلط تھے۔ویسٹ انڈیز کی طاقتور بیٹنگ لائن اپ ورلڈ کپ میں اب تک ناکام رہی ہے۔ جس میں آندرے رسل نے سات اور کرس گیل نے چار اننگز میں صرف 30 رنز بنائے۔ پولارڈ خود بھی زیادہ کچھ نہ کر سکے اور سری لنکا کے خلاف کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔ویسٹ انڈیز اپنا آخری ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ہفتہ کو ابوظہبی میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گا۔ دوسری جانب سری لنکا نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اپنی مہم کا اختتام جیت کے ساتھ کیا۔