نئی دہلی، 8نومبر:عالمی کپ فاتح کپل دیو ہندستان کے متحدہ عرب امارات میں چل رہے ٹی 20 عالمی کپ سے گروپ راؤنڈ میں باہر ہونے سے شدید برہم ہیں اور ان کا کہناہے کہ کچھ کھلاڑی آئی پی ایل کو توجہ دیتے ہیں، نہ کہ ہندستانی کرکٹ ٹیم کو۔ہندستان پاکستان اور نیوزی لیڈ سے اپناابتدائی دو دو میچ بری طرح سے ہار گیا۔ حالانکہ اس نے افغانستان اور اسکاٹ لینڈ کے خلاف اگلے دو میچ آسانی سے جیت گیا لیکن افغانستان کی نیوزی لینڈ سے شکست کے ساتھ ہی اس کا سیمی فائنل میں پہنچنے کا خواب چکنا چور ہوگیا۔کپل دیو نے کہا کہ بی سی سی آئی کو اب شیڈیول پر توجہ دینی چاہئے اور ہندستانی ٹیم کو آئی پی ایل کے بعد ٹی 20 عالمی کپ سے پہلے بریک ملنا چاہئے تھا۔ کپل دیو نے کہا کہ کھلاڑیوں کو بھی آئی پی ایل سے پہلے ملک کی ٹیم کو توجہ دینی چاہئے۔کپل دیو نے آج تک کے ایک پروگرام میں کہا کہ اگر کھلاڑی ہی ملک کے لیے کھیلنے کے بجائے آئی پی ایل کو توجہ دیتے ہیں تو ہم کیا کہہ سکتے ہیں۔کھلاڑیوں کو ملک کے لیے کھیلنے پر فخر ہونا چاہئے۔ حالانکہ کپل نے یہ بھی کہا کہ وہ آئی پی ایل کھیلنے کو منع نہیں کرہے ہیں۔ لیکن بی سی سی آئی کو شیڈیول کو درست کرنا ہوگا۔ کپل نے کہا کہ بی سی سی آئی کو اب مستقبل کی ٹیم تیار کرنے کی تیاری کرنی چاہئے۔قابل ذکر ہے کہ ٹیم انڈیا کا آخری میچ پیر کو کھیلا جانا ہے۔ اس کے بعد ہندستانی ٹیم واپسی کرے گی۔ ٹی 20 عالمی کپ کے فوراً بعد ہندستانی ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف گھریلو سیریز میں حصہ لے گی۔ (یو این آئی)