ممبئی 12 نومبر: نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچوں کے لیے ہندوستانی ٹیم کا اعلان کر دیا گیا ہے ۔ کپتان وراٹ کوہلی کو پہلے ٹیسٹ کے لیے آرام دیا گیا ہے اور وہ دوسرے ٹیسٹ کے لیے ٹیم کو جوائن کریں گے ۔ اجنکیا رہانے پہلے ٹیسٹ میں کپتان ہوں گے جب کہ چیتشور پجارا کو نائب کپتان بنایا گیا ہے ۔وراٹ کوہلی کے علاوہ ٹی ٹوئنٹی کے نئے مقررکردہ کپتان روہت شرما کو پوری سیریز کے لیے آرام دیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ سے ہی ہندوستانی اسکواڈ کا حصہ رہے رشبھ پنت، محمد شامی اور جسپریت بمراہ کو بھی آرام دیا گیا ہے ۔ حالانکہ روی چندرن اشون اور لوکیش راہول ٹیم میں برقرار ہیں۔اگر نئے چہروں کی بات کریں تو تیز گیندباز پرسدھ کرشنا اور وکٹ کیپر بلے باز کے ایس بھرت، شریئس ایرکے ساتھ ٹیم میں آئے ہیں۔ انگلینڈ سیریز میں بعد میں ٹیم میں شامل ہونے والے سوریہ کمار یادو اور پرتھوی شا کا نام اس ٹیم میں نہیں ہے ۔ روہت شرما کی جگہ، مینک اگروال اور شبھمن گل دونوں کو اوپننگ میں راہل کا ساتھ دینے کے لیے منتخب کیا گیا ہے ۔ دوسری جانب اسپن بولرز میں جینت یادیو کی واپسی ہوئی ہے جو رویندرا جڈیجا، اشون اور اکشر پٹیل کے ساتھ اسپن گیندبازی کی ذمہ داری سنبھالیں گے ۔ٹیم میں ایشانت شرما، امیش یادو، محمد سراج کے ساتھ پرسدھ کرشنا کا بھی نام ہے ۔ دورہ انگلینڈ پر گیند اور بلے دونوں سے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے شارول ٹھاکر کانام اس فہرست سے غائب ہیں۔ دوسری جانب حیران کن طور پر ہنوما وہاری جو کہ پچھلے کچھ سالوں سے مڈل آرڈر کا حصہ ہیں، بھی اس فہرست میں شامل نہیں ہیں۔ کرک انفو سمجھتا ہے کہ وہ اس ماہ کے آخر میں ہونے والے جنوبی افریقہ دورے کے لیے انڈیا اے کا حصہ ہوں گے ۔ تاہم ان کا نام جنوبی افریقہ جانے والی انڈیا اے ٹیم میں ابھی تک جوڑانہیں گیا ہے ۔ وہاری فی الحال حیدرآباد کے لئے سید مشتاق علی ٹرافی میں کھیل رہے ہیں۔ہندوستانی ٹیم: اجنکیا رہانے (کپتان)، چیتشور پجارا (نائب کپتان)، لوکیش راہل، مینک اگروال، شبھمن گل، شریئس ایر، ردھیمان ساہا (وکٹ کیپر)، کے ایس بھرت (وکٹ کیپر)، رویندر جڈیجا، روی چندرن اشون، اکشر پٹیل، جینت یادو، ایشانت شرما، امیش یادو، محمد سراج، پرسدھ کرشنا (وراٹ کوہلی دوسرے ٹیسٹ میں ٹیم کو جوائن کریں گے اور کپتان ہوں گے )۔یواین آئی