سرینگر:بینکوں کے مالیاتی نظام کو بہتر بنانے کیلئے مرکز کی طرف سے کی گئی اصلاحات پر زور دیتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو کہا کہ ہندوستان کا بینکنگ سیکٹر اس وقت ایک اہم سنگ میل کے مرحلے میں ہے جو ملک کی معیشت کوآگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ایس این ایس کے مطابق ’’ہموار کریڈٹ فلو اور اقتصادی ترقی کیلئے ہم آہنگی پیدا کرنا‘‘ کے موضوع پر کانفرنس کے اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندرمودی نے کہاکہ حکومت کی طرف سے پچھلے چھ سات سالوں میں بینکنگ سیکٹر میں کی گئی اصلاحات نے ملک کے بینکنگ سیکٹر کو ترقی کی طرف لاکرآج ایک بہت مضبوط پوزیشن پر کھڑا کیاہے جس کی وجہ سے بینکوں کی مالی حالت اب کافی بہتر ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے IBC جیسی اصلاحات بہت سے قوانین میں کیںاور قرض کی وصولی کے ٹریبونل کو بااختیار بنایا۔انہوں نے کہا کہ کووڈ کی مدت کے دوران ملک میں ایک سرشار اسٹریسڈ ایسٹ مینجمنٹ ورٹیکل بھی تشکیل دیا گیا تھا۔ایس این ایس کے مطابق وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے ان مسائل اور چیلنجوں کو حل کرنے کے طریقے ڈھونڈ لئے ہیں جو 2014 سے پہلے موجود تھے۔انہوںنے مزیدکہا کہ ہم نے بینکوں کی دوبارہ سرمایہ کاری کی اور ان کی طاقت میں اضافہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ آج ہندوستان کے بینکوں کی صلاحیت اتنی بڑھ گئی ہے کہ وہ ملک کی معیشت کو نئی توانائی اوراسے خود کفیل بنانے میں بہت بڑا رول ادا کر سکتے ہیں۔ انہوںنے مزید کہا کہ میں اس مرحلے کو ہندوستان کے بینکنگ سیکٹر میں ایک اہم سنگ میل سمجھتا ہوں۔وزیر اعظم نے کہا کہ بینکوں کو روایتی منظوری دینے والے درخواست گزار نظام کو چھوڑ کر شراکت داری کا ماڈل اپنانا چاہئے۔وزارت خزانہ کی جانب سے دو روزہ کانفرنس کا انعقاد 17 نومبر سے کیا گیا۔ کانفرنس میں وزارتوں، بینکوں، مالیاتی اداروں اور صنعت کے نمائندوں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔