ویلنگٹن، 18 نومبر:نیوزی لینڈ اگلے سال ویسٹ انڈیز میں ہونے والے آئی سی سی انڈر 19 مردوں کے ورلڈ کپ میں حصہ نہیں لے گا۔ درحقیقت، نیوزی لینڈ کرکٹ نے کھلاڑیوں کے لیے لازمی کوارنٹین پابندیوں کی وجہ سے اس 16 ٹیموں کے ٹورنامنٹ سے نام واپس لے لیا ہے۔نیوزی لینڈ کی جگہ اب گروپ ڈی میں اسکاٹ لینڈ کو ری پلیس کیا گیا ہے جس میں میزبان ویسٹ انڈیز، آسٹریلیا اور سری لنکا بھی شامل ہیں۔اپنے 14 ایڈیشنز کی تاریخ میں پہلی بار یہ ٹورنامنٹ کیریبین میں کھیلا جائے گا جس کا آغاز 14 جنوری کو میزبان ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا کے درمیان میچ سے ہوگا جبکہ فائنل 5 فروری 2022 کو کھیلا جائے گا۔ اس کے علاوہ انگلینڈ، کینیڈا اور یو اے ای کے ساتھ دفاعی چیمپئن بنگلہ دیش کو گروپ اے میں شامل کیا گیا ہے۔ چار بار کی چیمپئن ہندوستان کو گروپ بی میں جنوبی افریقہ، آئرلینڈ اور یوگنڈا کے ساتھ رکھا گیا ہے جبکہ گروپ سی میں افغانستان، پاکستان، پاپوا نیو گنی اور زمبابوے شامل ہیں۔یہ ٹورنامنٹ چار کیریبین ممالک اینٹیگوا اور باربوڈا، گیانا، سینٹ کٹس اینڈ نیوس اور ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو کے 10 مقامات پر کھیلا جائے گا۔ ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو 25 سے 31 جنوری تک پلیٹ گروپ مقابلے کی میزبانی کرے گا جبکہ سپر لیگ 26 جنوری سے انٹیگوا اور باربوڈا میں ہوگی۔ سیمی فائنل دو مقامات پر کھیلے جائیں گے۔ پہلا سیمی فائنل یکم فروری کو سر ویوین رچرڈز کرکٹ گراؤنڈ اور دوسرا 2 فروری کو کولج کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد فائنل میچ بھی سر ویوین رچرڈز کرکٹ گراؤنڈ میں ہوگا۔ (یو این آئی)