کرتارپور (جالندھر):عام آدمی پارٹی (آپ) کے قومی کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے آج ‘دنیا کی سب سے بڑی خواتین کو بااختیار بنانے کی مہم’ کاآغاز کیا اور کرتارپور اسمبلی حلقہ کے گاوں سرائے خاص سے ’آپ‘ کی تیسری گارنٹی کے تحت رجسٹریشن کی شروعات کی ۔اس پروگرام میں کیجریوال نے ایک مسڈ کال نمبر ’5599-511-911‘ جاری کیا اور عام آدمی پارٹی کی تیسری گارنٹی کے لیے رجسٹریشن شروع کیا۔ مسٹر کیجریوال نے کہا کہ خواتین کو اس نمبر پر صرف ایک مسڈ کال کرنی ہوگی اور انہیں ریاست میں عام آدمی پارٹی کی حکومت بننے کے بعد 1000 روپئے ہر ماہ دیئے جائیں گے۔ اس سے پہلے کرتارپور پہنچنے پر ، اروند کیجریوال نے گرودوارہ صاحب میں متھا ٹیکا اور پنجاب کی خوشحالی اور امن کے لئے دعا کی۔گاؤں سرائے خاص میں منعقدہ ایک پروگرام میں خواتین سے خطاب کرتے ہوئے کیجریوال نے کہا، ‘پنجاب سمیت ہمارے ملک کی خواتین بہت محنتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ عام آدمی پارٹی کی طرف سے دی گئی تیسری گارنٹی کے طور پر خواتین کو 1000 روپے دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور گاؤں سرائے خاص سے رجسٹریشن مہم شروع کی گئی ہے جس کے لیے موبائل نمبر ‘5599-511-911’ جاری کیا گیا ہے۔ریاست کی خواتین اس موبائل نمبر پر مس کال دے کر تیسری گارنٹی کے لیے اپنا اندراج کرا سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی پارٹی کے رضاکار اور رہنما ہر علاقے کا دورہ کریں گے اور خواتین کے ناموں کا اندراج کریں گے اور 1000 روپے دیں گے اور تمام خواتین کو اپنے ناموں کا اندراج کرانا ہوگا۔ اس موقع پر خود کجریوال نے تیسری گارنٹی کے لیے کئی خواتین کے نام درج کرائے ۔‘‘ (یو این آئی)