برسبین: انگلینڈ کے وکٹ کیپر بلے باز جوس بٹلر نے بدھ کے روز آسٹریلیا کے خلاف ایشز سیریز کے آغاز سے قبل کہا کہ اب کوئی وجہ نہیں ہے جس سے کوئی یہ کہے کہ انگلینڈ گابا میں آسٹریلیا کو نہیں ہرا سکتا۔بٹلر نے منگل کے روز میچ کے موقع پر ایک بیان میں کہا، ’’جب بھی آپ انگلش ٹیم کے طور پر آسٹریلیا کے خلاف کھیلتے ہیں تو یہ ہمیشہ ایک بڑا چیلنج ہوتا ہے، تاریخ اس کی گواہ ہے۔ یہ دلچسپ ہوتا ہے۔ آسٹریلیا کی ٹیم گابا میں اچھا کھیلتی ہے لیکن اسی جگہ پر ہندوستان سے شکست کا سامنا کیا تھا۔ ہمیں پتہ ہے کہ ہمیں ایک ٹیم کے طور پر اپنا بہترین دینا ہوگا۔ ہم خود پر بہت زیادہ توجہ دے رہے ہیں۔ حریف ٹیم شاندار ہے لیکن ہمیں پتہ ہے کہ ہم اپنا بہترین کھیل سامنے لائیں گے تو ہمیں فائدہ ہوگا۔ ‘‘واضح رہے کہ 1988 سے آسٹریلیا نے گابا میں ایک بھی میچ نہ ہارنے کا ریکارڈ برقرار رکھا تھا جسے ہندوستانی ٹیم نے اس سال جنوری میں توڑ دیا تھا۔وکٹ کیپر بلے باز نے واضح کیا، ’’جیمز اینڈرسن کو پہلے میچ سے باہر کرنے کی وجہ ان کا کام کا بوجھ ہے، فٹنس نہیں۔ جمی نہیں کھیلیں گے، لیکن وہ فٹ ہیں۔ یہ ایک طویل سیریز ہے اور ہم چاہیں گے کہ ان جیسا کھلاڑی زیادہ سے زیادہ حصوں میں شامل رہے۔ یہ صرف ایک احتیاط کے طور پر ہے۔ انہوں نے کل بھی بہت اچھی گیندبازی کی اور آج بھی ۔ وہ فٹ ہیں لیکن ٹیم انتظامیہ احتیاط برت رہی ہے۔ (یو این آئی)