کوالالمپور:ملائیشیا جزیرہ نما میں آنے والے زبردست سیلاب میں 27 افراد کی موت ہوچکی ہے۔ برنامہ نیوز ایجنسی نے بدھ کو ملکی حکام کے حوالے سے یہ اطلاع دی۔سیلانگور ریاست کے پولیس چیف داتوک ارجونیدی محمد نے سیلاب میں 20 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ سیلانگور صوبہ طوفان سے سب سے زیادہ متاثر ہوا اور ملک کا دارالحکومت کوالالمپور بھی طوفان سے متاثر ہوا ہے۔ مسٹر محمد نے بتایا کہ صوبہ پہانگ میں مزید سات افراد کی موت ہوئی ہے۔ اس سے قبل سیلاب میں 17 ہلاکتوں کی اطلاعات موصول ہوئی تھی۔ملک میں کئی دنوں سے جاری شدید بارشوں کے باعث تقریباً 70 ہزار افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔ ندیاں خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہیں جس س اہم سڑکیں بند ہو رہی ہیں اور کئی شہروں میں پانی بھر گیا ہے۔خبر رساں ادارے کے مطابق چھ مختلف ریاستوں میں 210 مقامات سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔ملائیشیا میں بارشوں کے موسم میں سیلاب ایک عام بات ہے، لیکن 17 دسمبر کو ہونے والی شدید بارشوں کے بعد یہ تباہ کن ہو گیا ہے۔ اتوار تک موسلا دھار بارش ہوئی اور پیر سے کئی علاقوں میں بارش کا پانی کم ہونا شروع ہوگیا۔