نینی تال: وزیراعظم نریندر مودی کے جمعرا ت کو ہلدوانی میں ایک بری عوامی ریلی سے خطاب کرنے کے ساتھ ہی 17547کروڑ روپے کے 23ترقیاتی پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد اور افتتاح کریں گے۔بتایا جارہا ہے کہ وزیراعظم مودی کل دوپہر تقریباً ایک بجے ہلدوانی پہنچیں گے اور وہاں سے سیدھے ایم بی یونیورسٹی کے میدان جائیں گے۔ یہاں وہ 17547کروڑ کے مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد اور افتتاح کریں گے اور اس کے بعد بڑی عوامی ریلی سے خطاب کریں گے۔ وزیراعظم کے دورہ پر عوام میں کافی جوش و خروش نظر آرہا ہے۔انتخابی ضابطہ اخلاق سے عین قبل وزیراعظم مودی کی اس عوامی ریلی کو آئندہ اسمبلی انتخابات کے لحاظ سے کافی اہم سمجھا جارہا ہے۔وزیراعظم کے اس دورہ پر وزیراعلی پشکر سنگھ دھامی سمیت بیشتر کابینی اراکین یہاں پہنچے ہوئے ہیں۔ چیف سکریٹری ایس ایس سندھو نے آج ہلدوانی پہنچ کر تمام انتظامات کا جائزہ لیا۔وزیراعظم مودی کے ساتھ پارلیمانی امور کے مرکزی وزیر پرہلاد جوش بھی یہاں پہنچیں گے۔ ساتھ ہی ریاست کے بیشتر قدآور مودی کے پروگرام میں موجود رہیں گے۔ گورنر گرمیت سنگھ، سابق مرکزی وزیر رمیش پوکھریال نشنک، مرکزی وزیر مملکت برائے دفاع راجے بھٹ، کابینی وزیر دھن سنگھ راوت سمیت دیگر لیڈر اس دوران موجود رہیں گے۔وزیراعظم کے دورہ کے مدنظر سیکورٹی کے سخت انتظاما ت کئے گئے ہیں۔