فرخ آباد: اتر پردیش کے شہر کانپور اور قنوج میں عطر کاروباری کے ٹھکانوں پر چھاپوں میں پائے گئے غیر اعلانیہ اثاثوں کا ذکر کرتے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ دیواروں کے اندر چھپائی گئی رقم اب ریاست کی ترقی کے لیے استعمال کی جائے گی کرسچن انٹر کالج کے میدان میں بدھ کے روز جن وشواس یاترا کے موقع پر منعقدہ جلسہ عام میں تقریباً 200 کروڑ روپے کے پروجیکٹوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھنے کے بعد مسٹریوگی نے کہا کہ پچھلی حکومت میں جرائم کے ساتھ ساتھ بدعنوانی بھی عروج پر تھی ۔ 2017 کے بعد ریاست میں ڈبل انجن والی حکومت کے ذریعہ کئے گئے کاموں سے ریاست میں ترقی ہوئی ہے۔ آج مجرم جیل میں ہیں اور بہن بیٹی محفوظ ہیں۔انہوں نے کہا کہ کانپور اور قنوج میں بدعنوانی کی وجہ سے جمع پیسوں سے تجوری بھر گئی، وہیں پیسہ اب گزشتہ چار روز سے دیواروں سے باہر نکل رہا ہے۔ اب سمجھ میں آیا کہ ببوا (اکھلیش یادو) نوٹ بندی کی مخالفت کیوں کر رہے تھے۔ دیواروں کے اندر سے نکلنے والا پیسہ اب اتر پردیش کی ترقی کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ پچھلی حکومت ہوتی تو یہ پیسہ مخالفین کے گھر جاتا۔مسٹر یوگی نے کہا کہ عوام کو ڈبل انجن والی حکومت کی طرف سے ڈبل راشن مل رہا ہے۔ جب اچھی حکومتیں آئیں گی تو اچھی اسکیمیں لائیں گی اور جب بری حکومتیں آئیں گی تو پیسہ ایس پی، بی ایس پی اور کانگریس لیڈروں کے گھر جائے گا۔نئے سال میں آنگن واڑی کارکنوں کو تحفہ دینے کا اعلان کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ 3 جنوری کو لکھنؤ میں ایک بڑا پروگرام منعقد کیا جائے گا جس میں آنگن واڑی کارکنوں کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے گا، لیکن تین مہینے سبھی لوگ اب بی جے پی کو دیں ۔ ریاست کی ترقی ہوگی تو ہم سب کی ترقی ہوگی۔