اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں جاری اندرونی اختلافات کے درمیان خیبر پختونخوا کے اعلیٰ تعلیم کے وزیر کامران بنگش نے پیشاورشہر کے میئرکاٹکٹ ایک تاجرکوفروخت کرنے کے الزام میں اپنی ہی پارٹی کے لیڈر ارباب محمد علی کوقانونی نوٹس بھیج دیا ہے۔دی نیوز انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق پیشاور کے میئرکاٹکٹ ایک تاجر کو فروخت کرنے اوراب تک کل رقم میں سے دوکروڑ روپے حاصل کرنے کے الزام میں اعلی تعلیم کے وزیر نے منگل کو محمد علی کو قانونی نوٹس بھیجاتھا۔ محمد علی پیشاورکے پی ٹی آئی ایم این اے کے بھائی ہیں۔ انہوں نے پیشاورسے میئرسیٹ کے لئے پی ٹی آئی ٹکٹ کے لئے درخواست دی تھی لیکن پارٹی نے ابوظہبی کے ایک تاجر رضوان بنگش کو ٹکٹ دیا ہے۔اس کے بعد ارباب محمد علی نے ویڈیو جاری کرتے ہوئے الزام لگایا کہ گورنر شاہ فرمان اور وزیر اعلیٰ تعلیم کامران بنگش سمیت پی ٹی آئی کے کچھ سینئر رہنماؤں نے رضوان بنگش کو پارٹی کاٹکٹ 7 کروڑ روپے میں فروخت کیا ہے۔رضوان جمیعت علمائے اسلام-فضل الرحمان (جے یو آئی ایف)، پاکستان مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل این) اور قومی وطن پارٹی (کیو ڈبلیو پی) کے مشترکہ امیدوار سے میئرکا الیکشن ہار گئے تھے۔مقامی خبروں کے مطابق رضوان کی شکست کے پیچھے بہت سی وجوہات تھیں لیکن ان میں پی ٹی آئی قیادت کی یکجہتی کا فقدان بھی ایک اہم وجہ تھی۔