انگلش پریمیئر لیگ میں لیورپول کے اسٹار محمد صلاح کی پنالٹی لیسٹرسٹی کے گول کیپر کیسپر نے روک لی جو سیزن میں لیور پول کی دوسری شکست کا باعث بن گئی، لیورپول ٹیبل پر 41 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر ہے۔کنگ پاور اسٹیڈیم میں لیورپول کا مقابلہ لیسٹر سٹی سے تھا، لیورپول کو سال 2021 کو فتح کے ساتھ ختم کرنے کا اچھا موقع ملا، لیکن 15ویں منٹ میں اسٹار کھلاڑی محمد صلاح نے پنالٹی ضائع کردی جہاں لیسٹرسٹی کے گول کیپر کیسپر نے صلاح کی پنالٹی روک لی۔صلاح نے دوبارہ گیند جال میں پہنچانے کی کوشش کی مگر گول پوسٹ سے گیند ٹکرا کر واپس آگئی۔دوسرے ہاف میں لیسٹر سٹی کے لوک مین نے 59ویں منٹ میں گول کر کے برتری حاصل کی جو آخر تک برقرار رہی اور لسیٹر سٹی نے میچ 0-1 سے اپنے نام کیا۔پریمیئر لیگ کے پوائنٹس ٹیبل پر لیورپول کی دوسری پوزیشن ہے جبکہ یہ سیزن میں اس کی دوسری شکست تھی۔