یورپ نے امریکہ سے مطالبہ کیا ہے کہ یوکرین کے مسئلے پر امریکہ اور روس کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں اسے بھی شامل کیا جائے۔یہ تازہ مطالبہ یورپین خارجہ امور کے سربراہ جوزپ بوریل نے جرمنی کے ذریعے امریکہ سے کیا ہے۔یاد رہے کہ گذشتہ روز جرمنی اور امریکہ کے درمیان یوکرین پر روسی حملے کی صورت میں مغرب کی جانب سے روس پر پابندیوں کی فہرست پر بات چیت کی گئی۔اسی میٹنگ میں جرمنی کی وزیر خارجہ اینالینا بیرباک نے اپنے امریکی ہم منصب انٹونی بلنکن کو یورپین خارجہ امور کے سربراہ جوزپ بوریل کا پیغام پہنچایا۔اپنے پیغام میں جوزپ بوریل نے امریکہ سے مطالبہ کیا کہ امریکہ اور روس کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں یورپ کی نشست بھی ہونا چاہیے۔یورپ کی جانب سے اپنے امریکی ہم منصب کو پیغام پہنچاتے ہوئے جرمنی کی وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ ‘یورپی یونین کے بغیر یورپ میں سلامتی کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں ہوسکتا۔انہوں نے مزید واضح کیا کہ اس مسئلے پر ان شراکت داروں کو بھی شامل کیا جائے جو سب سے زیادہ متاثر ہوں گے۔امریکہ اور روس کے درمیان یوکرین سمیت مختلف موضوعات پر مذاکرات 10 جنوری کو منعقد ہوں گے۔