نئی دہلی: وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ حکومت مسلح افواج میں خواتین کے کردار کو بڑھانے کے حق میں ہے اور اس سمت میں کئی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ہفتہ کو سینک اسکولوں پر ایک ویبینار کی صدارت کرتے ہوئے مسٹر سنگھ نے کہاکہ "100 نئے سینک اسکولوں کے قیام کے ساتھ لڑکیوں کو مسلح افواج میں شامل ہونے اور قومی سلامتی میں اپنا حصہ ڈالنے کا موقع ملے گا۔انہوں نے بتایا کہ حکومت مسلح افواج میں خواتین کے کردار کو بڑھانے کے حق میں ہے اور کئی اقدامات کئے جا رہے ہیں جن میں سینک اسکولوں میں لڑکیوں کا داخلہ اور خواتین افسران کو مستقل کمیشن کی راہ ہموار کرنا شامل ہے۔وزیر دفاع نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ نئے سینک اسکولوں کے قیام سے لڑکیوں کو ملک کی خدمت کا اپنا خواب پورا کرنے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے بتایا کہ مودی حکومت کے گزشتہ چھ سات برسوں کے دوران بنیادی تعلیم اور بچوں کی ہمہ گیر ترقی کی سمت میں یہ ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے بتایاکہ جہاں ‘سینک’ اتحاد، نظم و ضبط اور لگن کی علامت ہے وہیں ‘اسکول تعلیم کا مرکز ہے۔مسٹر سنگھ نے بتایا کہ حکومت ملک کے نوجوانوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے پر توجہ مرکوز کرکے سماج کی ہمہ جہت ترقی کی مضبوط بنیاد رکھ رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ معیاری تعلیم اقوام متحدہ کے منظور کردہ 17 پائیدار ترقی کے اہداف میں سے چوتھے نمبر پر ہے اور ان اہداف کو حاصل کرنا ہمارا سیاسی عزم ہے۔ سرو شکشا ابھیان اور راشٹریہ میدھمک شکشا ابھیان جیسی کئی اسکیمیں بھی حکومتیں چلا رہی ہیں۔