پیرس: عالمی نمبر ایک ٹینس کھلاڑی سربیا کے نوواک جوکووچ کے سال کے پہلے گرینڈ سلیم ٹینس ٹورنامنٹ آسٹریلین اوپن کی شروعات سے قبل تنازعات میں ہونے کے درمیان فرانس کی وزیرکھیل روکسانا ماراسنینو نے بڑا ردعمل ظاہر کیا ہے۔محترمہ روکسانا نے کہا ہے کہ جوکووچ کو ویکسین کی ضرورت کے بغیر بھی فرنچ اوپن ٹورنامنٹ میں کھیلنے کی اجازت دی جائے گی۔ جوکووچ اس وقت آسٹریلیا میں ویکسین کی لازمیت کے تعلق سے ایک تارکین وطن کے حراستی مرکز میں ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ ٹینس آسٹریلیا نے اس سے قبل جوکووچ کو بغیر ویکسین کے آسٹریلین اوپن میں کھیلنے کی اجازت دی تھی لیکن کئی ممالک کے اس پر اعتراض کے بعد آسٹریلوی حکومت کو اس پورے معاملے میں سخت فیصلہ لینا پڑا۔فرانسیسی وزیر کھیل نے اس معاملے میں آسٹریلوی حکومت کے برعکس فیصلہ لیتے ہوئے کہا، ’’اگر جوکووچ کسی بڑے ٹورنامنٹ میں شرکت کرنا چاہتے ہیں تو انہیں خصوصی اجازت کے ساتھ فرانس میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی‘۔ ایک کھلاڑی جس نے ویکسین نہیں لگوائی ہے وہ بھی اس ٹورنامنٹ میں حصہ لینے کا حقدار ہے، کیونکہ ٹورنامنٹ میں سخت بائیو ببل میں رہ کر حصہ لینا ہوتا ہے۔قابل ذکر ہے کہ جنوری میں آسٹریلین اوپن کے بعد مئی جون میں فرنچ اوپن ٹورنامنٹ کھیلا جانا ہے۔ جوکووچ کافی عرصے سے ویکسین کی حیثیت کو لے کر تنازعات میں رہے ہیں۔ آسٹریلیا اوپن کے لیے آسٹریلیا آنے سے قبل انھوں نے آسٹریلیا کی جانب سے دی گئی خصوصی طبی چھوٹ کے بارے میں آگاہ کیا تھا لیکن آسٹریلیا پہنچنے کے بعد آسٹریلیا بارڈر فورس (اے بی ایف) نے جوکووچ کا ویزا منسوخ کرتے ہوئے انہیں یہاں سے واپس سربیا بھیجنے کافیصلہ کیا ہے، جبکہ جوکووچ نے آسٹریلوی حکومت کے اس فیصلے کو عدالت میں چیلنج کیا ہے۔ (یو این آئی)