نئی دہلی،9 جنوری … وزیر اعظم نریندر مودی ملک میں کووڈ وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال اور اس سے نمٹنے کی تیاریوں اور مستقبل کی حکمت عملی پر اتوار کی شام ایک اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ کریں گے ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ اجلاس میں وزارت داخلہ، وزارت صحت اور دیگر متعلقہ وزارتوں کے اعلیٰ حکام شرکت کریں گے وزیر اعظم کی زیر صدارت ہونے والی اس اعلیٰ سطحی میٹنگ میں کووڈ ویکسینیشن، کورونا وبا کے پھیلاؤ سے نمٹنے کی تیاریوں اور موجودہ صورتحال کا جائزہ لئے جانے کا امکان ہے۔
میٹنگ میں 15 سے 18 سال کی عمر کے بچوں کی کووڈ ویکسینیشن کے لیے ہیلتھ ورکرز، کورونا واریئرز اور بزرگ شہریوں کو اضافی ویکسین دینے کی حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا جا سکتا ہے۔ بچوں کی ویکسینیشن 3 جنوری سے شروع ہو گئی ہے، جبکہ اہل آبادی کو اضافی کوویڈ ویکسین کل یعنی 10 جنوری سے دی جائے گی۔ خیال رہے اب تک دو کروڑ سے زیادہ بچوں کو کووڈ ویکسین دی جا چکی ہے۔(یو این آئی)