حیدرآباد: چیف جسٹس آف انڈیا جسٹس این وی رمنا نے ملک میں عوام کے لئے مفت ہیلت کیر نظام متعارف کرنے کی سفارش کی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صحت کے شعبہ پر درکار توجہ دینے کے بجائے اس شعبہ کو نظرانداز کر رہی ہے۔ دنیا بھر میں کورونا کی موجودہ صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے جسٹس رمنا نے کہا کہ حقائق کا سامنا کرنے کیلئے حکومتوں کو جاگنا ہوگا ۔ امراض کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے مفت اور یونیورسل پبلک ہیلت کیر سسٹم متعارف کرنے کی ضرورت ہے۔ جسٹس رمنا ہندوستان میں شوگر کے مرض پر تحقیق سے متعلق سوسائٹی کی جانب سے شوگر کو شکست دینے کی مہم کے آغاز کے موقع پر خطاب کر رہے تھے ۔ چیف جسٹس نے اس پروگرام سے ورچول خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر شوگر کے مرض سے بہتر طورپر نمٹا گیا تو کئی بیماریوں سے بچاؤ ممکن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مفت ہیلت کیر سسٹم کی تیاری تک امراض پر قابوپانے کے مقصد کی تکمیل نہیں کی جاسکتی۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستان کے دیہی علاقوں میں شوگر کے مرض کے بارے میں معلومات اور شعور بیداری کی کمی ہے۔ معلومات کی یہ کمی مسائل میں اضافہ کا سبب بن رہی ہے۔ جسٹس رمنا نے کہا کہ حکومتوں کو صحت کے شعبہ پر ترجیحی بنیادوں پر توجہ دینی چاہئے ۔ کورونا وباء کے دوران ڈاکٹرس کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے چیف جسٹس نے کہا کہ ڈاکٹرس مریضوں کیلئے خدا کا درجہ رکھتے ہیں کیونکہ وہ اپنی کاوشوں کے ذریعہ انسان کی جان بچاتے ہیں۔