کرائسٹ چرچ:نیوزی لینڈ کے سلامی بلے باز ٹام لاتھم نے پیر کے روز بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے کرکٹ ٹیسٹ کے دوسرے دن پیر کے روز 252 رن کی شاندار اننگز کھیل کر اپنا نام کچھ خصوصی بلے بازوں کی فہرست میں درج کرالیا ہے۔ٹسٹ کرکٹ میں سلامی بلے باز کے طور پر صرف وریندر سہواگ کے نام 250 پلس کی دو سے بھی زیادہ کل چار اننگز ہیں۔ سنت جے سوریہ، گریم اسمتھ ، کرس گیل، ایلسٹر کک اور ڈیوڈ وارنر کے نام سلامی بلے باز کے طور پر 250 پلس کی دو اننگز ہیں۔ اب لاتھم نے بھی اس فہرست میں اپنا نام درج کرالیا ہے۔لاتھم کا 252 بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ میچوں میں چوتھا سب سے بڑا انفرادی اسکور ہے۔ کمار سنگاکارا بنگلہ دیش کے خلاف ٹرپل سنچری بنانے والے واحد کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے 2014 کے چٹاگرام ٹیسٹ میں 319 رن بنائے۔ دوسری جانب، کنگسٹن میں، 2004 میں ناٹ آؤٹ 261 رنز بنانے کا ریکارڈ رامنریش سروان کے نام درج ہے، جب کہ مارلن سیموئلز نے بنگلہ دیش کے خلاف کھلنا میں، 2012 میں 260 رن بنائے تھے۔یہ کسی بھی کیوی کپتان کا سب سے بڑا اوپننگ اسکور بھی ہے۔ انہوں نے گراہم ڈولنگ کا 1968 میں ہندوستان کے خلاف 239 رن کا ریکارڈ توڑا۔ یہ نیوزی لینڈ کے کسی کپتان کا پانچواں سب سے زیادہ ٹیسٹ اسکور بھی ہے۔ اس کے علاوہ وہ دنیا کے صرف چھ کپتانوں میں شامل ہوئے ہیں جن کے نام پر بطور اوپنر 250+ کاا سکور ہے۔لاتھم نے بطور اوپنر اپنی تمام 12 ٹیسٹ سنچریاں اسکور کی ہیں۔ وہ جان رائٹ کے بعد 12 سنچری بنانے والے نیوزی لینڈ کے صرف دوسرے سلامی بلے باز ہیں۔ یہ نیوزی لینڈ کے لئے مشترکہ طور پر چوتھا سب سے بڑا اسکور بھی ہے۔ڈیون کانوے نے اب تک صرف پانچ ٹیسٹ میچز کھیلے ہیں اور ان تمام ٹیسٹوں کی پہلی اننگز میں 50 سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ ان کے پاس ہے۔ اس سے قبل دنیا کے چھ بلے باز یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں اور اس میں نیوزی لینڈ کے برٹ اسٹکلف کا نام بھی درج ہے۔ کانوے کے نام پانچ ٹیسٹ میچوں میں 623 رنز ہیں۔ سنیل گواسکر (831) اور جارج ہیڈلی (714) ہی پانچ ٹیسٹ کے بعد ان سے آگے ہیں۔ تاہم، کانوے کے پاس اب بھی ایک اننگز باقی ہے۔بنگلہ دیش کے سرفہرست پانچ بلے بازوں نے اننگز میں صرف 19 رنز بنائے جو مشترکہ طور پر سب سے کم ہے۔ بنگلہ دیش کے ٹاپ پانچ بلے بازوں نے زمبابوے کے خلاف 2001 میں ڈھاکہ ٹیسٹ میں بھی صرف 19 رنز بنائے تھے۔