سری نگر:فوج کے شمالی کمانڈر لیفٹیننٹ وائی کے جوشی نے بدھ کے روز لائن آف کنٹرول کے ساتھ مشکل ترین خطوں اور نامساعد موسمی حالات میں فوجیوں کی حوصلہ افزائی اور بے لوث خدمات انجام دینے پر ان کی تعریف کی ۔لیفٹیننٹ جنرل جوشی نے سری نگر میں مقیم چنار کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ڈی پی پانڈے کے ساتھ ایل او سی اور اندرونی علاقوں کا دورہ کیا جہاں انہوں نے فوجیوں سے بات چیت کی۔کشمیر نیوز سروس ( کے این ایس) کے مطابق شمالی کمان کے ایک ٹویٹ میں کہا گیا کہ انہوں نے سخت ترین خطوں اور موسمی حالات میں فوجیوں کی حوصلہ افزائی اور بے لوث خدمات کی تعریف کی۔لیفٹیننٹ جنرل جوشی کو چنار کور کمانڈر نے 15کور کے سری نگر ہیڈکوارٹر میں سیکورٹی کی صورتحال پر بھی بریفنگ دی۔ انہوں نے ایک کتاب کا اجراء بھی کیا۔لیفٹیننٹ جنرل YK جوشی #ArmyCdrNC نے HQ #ChinarCorps کا دورہ کیا جہاں انہیں #ChinarCorps Cdr نے سیکورٹی کی صورتحال پر بریفنگ دی۔ آرمی کی چنار کور نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ "“Abridged version of history of Kashmir”” کے عنوان سے ایک کتاب بھی جاری کی گئی۔شمالی کمانڈر کا یہ دورہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب سیکورٹی فورسز نے کشمیر کے اندرونی علاقوں میں عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ رواں ماہ جنوری میں کشمیر میں ایک مشتبہ پاکستانی درانداز سمیت 13عسکریت پسند مارے گئے ہیں۔سرحدی ضلع کپواڑہ میں حالیہ خلاف ورزی کو چھوڑ کر جہاں فوج نے بارڈر ایکشن ٹیم (بی اے ٹی) ایکشن کو ناکام بنا دیا، ہندوستانی اور پاکستانی فوج فروری 2021 سے جنگ بندی پر عمل پیرا ہیں۔