میلبورن، 21 جنوری : 21ویں گرینڈ سلیم ٹائٹل کی تلاش میں کوشاں اسپین کے رافیل نڈال نے روس کے کایرن کھاچانوف کو چار سیٹوں میں شکست دے کر سال کے پہلے گرینڈ سلیم آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے پری کوارٹر فائنل میں داخلہ حاصل کیا جبکہ ویمنزکیٹگری کے ایک بڑے الٹ پھیر میں دفاعی چیمپئن جاپان کی ناؤمی اوساکا کوتیسرے راؤنڈ میں ہارکرباہرجانا پڑا۔چھٹے سیڈ نڈال نے کھاچانوف کو 6-3 6-2 3-6 6-1 سے شکست دی۔ 2009 میں یہاں آخری بار ٹائٹل جیتنے والے نڈال نے پہلے دو سیٹ آسانی سے جیت لئے لیکن روسی کھلاڑی نے تیسرا سیٹ جیت لیا۔ تاہم، ہسپانوی کھلاڑی نے چوتھے سیٹ میں اپنے کھیل کی سطح بلند کرتے ہوئے اسے 6-1 سے جیت کر میچ دوگھنٹے 50 منٹ میں نمٹادیا۔اس دوران عالمی نمبر 13 کھلاڑی اور موجودہ چیمپئن جاپان کی ناؤمی اوساکا کو پہلی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ انہیں امریکہ کی امانڈا انسیمووا نے 4-6 6-3 7-6 (10-5) سے شکست دی۔ انسیمووا کا اتوار کو پری-کوارٹر فائنل میں ٹاپ سیڈ آسٹریلیا کی ایشلے بارٹی سے مقابلہ ہوگا۔ عالمی نمبر ایک ٹینس کھلاڑی آسٹریلیا کی بارٹی نے راڈ لیور ایرینا میں 61 منٹ تک جاری رہنے والے میچ میں اٹلی کی کیملا جارجی کو 6-2 6-3 سے شکست دی۔ وہ اب تک جیورجی سے ایک بھی بار نہیں ہاری ہیں اوراس جیت کے ساتھ ان کا جورجی کے خلاف ریکارڈ 4-0 کو گیا ہے۔ بارٹی نے میچ کے بعد کہا، ’’میرے خیال میں آج کی رات بہت اچھی تھی۔ میں نے پہلے سیٹ میں 0-40 سے پیچھے رہنے کے بعد دباؤ سے باہرنکلنے کے لئے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ مجھے لگتا ہے کہ میں اہم لمحات میں اس رفتار کو جاری رکھنے کے قابل تھی۔(یو این آئی)