نئی دہلی:ہندوستانی ریلوے میں این ٹی پی سی کی بھرتی میں مبینہ بے ضابطگیوں کا معاملہ آج ایوان بالا راجیہ سبھا میں اٹھایا گیا اور ریلوے میں گروپ ڈی ملازمین کی بھرتی کے لیے صرف ایک امتحان کرانے کا مطالبہ کیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی بہار اور اتر پردیش میں اسٹوڈنٹس کے خلاف درج مقدمات کو واپس لینے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔بجٹ اجلاس کے دوران آج صبح جب ایوان کی کارروائی شروع ہوئی تو سب سے پہلے جنوبی افریقہ کے آرچ بشپ اور ملیشیا میں سیلاب میں ہلاک ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور پھر ضروری دستاویزات ایوان کی میز پر رکھی گئیں۔چیئرمین ایم ونکیا نائیڈو نے اراکین سے اپیل کی کہ وہ کورونا پروٹوکول پر عمل کریں اور مقررہ نشستوں پر ہی بیٹھیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے ایوان بالا راجیہ سبھا اور ایوان زیریں لوک سبھا کی کارروائی دو مختلف شفٹوں میں چل رہی ہے۔ ایوان بالا پہلی شفٹ میں اور ایوان زیریں دوسری شفٹ میں ہو رہی ہے۔ وقت کی پابندیوں کی وجہ سے ایوان بالا کی کارروائی میں کچھ تبدیلیاں کی گئی ہیں، جس کے تحت اب وقفہ صفر صرف آدھے گھنٹے کا ہو گا۔ (یو این آئی)