نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر کائل جیمیسن نے اس سال انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ گھر پر وقت گزارا جا سکے اور تنہائی اور بائیو ببل سے دور رہ کر اپنے کھیل کو بہتر بنایا جا سکے۔ جیمیسن جو گزشتہ سال آئی پی ایل کے دوسرے مہنگے ترین کھلاڑی تھے، کو رائل چیلنجرز بنگلور نے 15 کروڑ روپے میں خریدا۔جیمیسن نے ‘ای ایس پی این کرک انفو کو بتایا، ‘میں نے یہ فیصلہ کئی وجوہات کی بنا پر لیا ہے۔ پچھلے 12 مہینوں سے بائیو ببل اور آئسولیشن میں کافی وقت گزارا۔ اگلے 12 مہینوں کے شیڈول کو دیکھتے ہوئے، اب میں اپنی فیملی کے ساتھ وقت گزارنا چاہتا ہوں۔ جیمیسن، جنہوں نے فروری 2020 میں ہندوستان کے خلاف بین الاقوامی سطح پر ڈیبیو کیا تھا، 12 ٹیسٹ، پانچ ون ڈے اور آٹھ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیل چکے ہیں۔ انھوں نے کہا، ‘دوسری بات یہ ہے کہ میں بین الاقوامی کرکٹ میں بالکل نیا ہوں۔ ابھی دو سال ہوئے ہیں اس لیے میں اپنے کھیل پر سخت محنت کرنا چاہتا ہوں۔انھوں نے کہا، ‘مجھے لگتا ہے کہ میں اس سطح تک نہیں پہنچ سکا جہاں مجھے ہونا چاہیے۔ اگر آپ تینوں فارمیٹس میں کھیلنا چاہتے ہیں تو آپ کو اپنے کھیل پر سخت محنت کرنی ہوگی۔ جیمیسن نے کہا کہ آئی پی ایل نہ کھیلنے کا فیصلہ مشکل تھا لیکن وہ پر امید ہیں کہ وہ مستقبل میں لیگ کا حصہ بنیں گے۔ "شروع میں یہ بہت مشکل فیصلہ تھا۔ میں نے اس بارے میں بہت سوچا۔ لیکن میں اپنے کیریئر پر توجہ دینا چاہتا ہوں اور اپنے کھیل پر کام کرنا چاہتا ہوں۔