مقبوضہ بیت المقدس :مقبوضہ بیت المقدس میں داخلی راستوں پر اسرائیلی فوج کی طرف سے مسلط کردہ اقدامات کے باوجود فلسطینی شہری مسجد اقصیٰ میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے لیے پہنچ گئے۔ خبررساں اداروں کے مطابق جمعہ کے روز 40ہزار سے زائد فلسطینیوں نے مسجد اقصیٰ میں جمعہ کے اجتما ع میں شرکت کی۔ نمازیوں نے فجر کی نماز ہی سے قبلہ اول میں آنا شروع کردیا تھا۔ اس موقع پر صہیونی فوج نے راستوں پر ناکے اور چیک پوسٹیں قائم کرکے نمازیوں کو روکنے کی بھرپور کوشش کی،تاہم نمازیوں کے عزم و حوصلے کے آگے ان کی ایک نہ چلی۔ قابض فوج نے مسجد اقصیٰ کے دروازوں پر نمازیوں کو روکا اور ان کے شناختی کارڈ چیک کرنے کے بہانے گھنٹوں کھڑ ا رکھا۔ یاد رہے کہ فلسطینی تنظیموں نے مسلمانوں سے اپیل کررکھی ہے کہ وہ زیادہ تعداد میں قبلہ اول آئیں۔