دہلی حکومت 25 فروری سے بابا صاحب امبیڈکر پر میوزیکل ڈرامہ اسٹیج کا انعقاد شروع کرے گی جو 12 مارچ تک جاری رہے گی۔ وزیر اعلی اروند کیجریوال نے ہفتہ کو اس کا اعلان کیا۔ کیجریوال نے کہا کہ پہلے یہ عظیم الشان ڈرامہ 5 جنوری کو ہونا تھا، لیکن کووڈ کی تیسری لہر کی وجہ سے اسے ملتوی کرنا پڑا۔ایک ڈیجیٹل پریس کانفرنس کے ذریعے اروند کیجریوال نے کہا کہ بابا صاحب امبیڈکر نہ صرف دہلی بلکہ ملک اور دنیا کے لیے متاثر کن ہیں۔ وہ ہمارے دہلی والوں کے لیے بھی ایک ترغیب ہیں، لیکن ہمیں ایسے عظیم آدمیوں کے بارے میں نہیں معلوم، اس لیے ہم نے امبیڈکر کی زندگی پر ایک عظیم الشان ڈرامہ اسٹیج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پہلے یہ شو 5 جنوری سے شروع ہونا تھا لیکن کووڈ کی وجہ سے ملتوی کرنا پڑا۔ کیجریوال نے کہا کہ 25 فروری سے شروع ہونے والا امبیڈکر پر یہ ڈرامہ 12 مارچ تک اسٹیج کیا جائے گا۔ روزانہ دو شوز منعقد کیے جائیں گے۔ پہلا شام 4 بجے سے ہوگا جبکہ دوسرا شام 7 بجے سے ہوگا۔ اس میں امبیڈکر کا کردار اداکار رونیت رائے ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسے 100 فٹ بڑے پلیٹ فارم پر اسٹیج کیا جائے گا۔ اس پر 40 فٹ کا گھومنے والا پلیٹ فارم بھی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ دنیا کے عظیم ترین ڈراموں میں سے ایک ہوگا۔