نئی دہلی، 16 فروری: یوکرین میں غیر یقینی صورتحال کے درمیان، ہندوستان نے بدھ کو کیف میں اپنے سفارت خانے اور یہاں وزارت خارجہ میں یوکرین میں رہنے والے طلباء اور ان کے اہل خانہ کو پروازوں کی دستیابی سمیت دیگرمعلومات فراہم کرنے کے لیے کنٹرول روم قائم کیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ ہندوستان اور یوکرین کے درمیان پروازوں کی تعداد بڑھانے پر بات چیت جاری ہے تاکہ ہندوستانی شہریوں کی مدد کی جاسکے۔ذرائع نے بتایا کہ کیف میں ہندوستانی سفارت خانے نے منگل کو یوکرین میں ہندوستانی شہریوں کے لئے ایک ایڈوائزری جاری کی۔ سفارت خانہ تمام واقعات پر نظر رکھ رہا ہے۔انہوں نے کہا، "ہم جانتے ہیں کہ بہت سے ہندوستانی طلباء اس وقت یوکرین میں ہیں اور ان کے خاندان اپنے بچوں کے لیے فکر مند ہیں۔ خاص طور پر ہندوستان جانے والی پروازوں کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے لیے۔ان کنٹرول روم سے یوکرین میں رہنے والے ہندوستانیوں اور ان کے خاندانوں کو مدد ملے گی۔قابل ذکرہے کہ کیف میں ہندوستانی سفارت خانے نے منگل کو ہندوستانی شہریوں خصوصاً طلبہ سے "موجودہ صورتحال کی غیر یقینی صورتحال” کا حوالہ دیتے ہوئے، عارضی طور پر ملک چھوڑنے پر غور کرنے کے لئے کہا تھا۔انہوں نے ہندوستانیوں کو یوکرین کے غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ایک ایڈوائزری بھی جاری کی تھی۔ سفارت خانے نے تمام ہندوستانیوں سے کہا تھا کہ وہ سفارت خانے کو مطلع کریں کہ آپ کہاں رہ رہے ہیں تاکہ کسی بھی صورت حال میں آپ تک پہنچا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ سفارت خانہ معمول کے مطابق کام جاری رکھے گا۔معلومات کے مطابق روس نے منگل کو یوکرین کی سرحد سے سکیورٹی فورسز کے جزوی انخلاء کا اعلان کیا ہے۔ تاہم امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا کہ ڈیڑھ لاکھ سے زائد روسی فوجی اب بھی یوکرین کی سرحدوں کے قریب جمع ہیں۔ (یو این آئی)