نئی دہلی: دہلی اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے مرکز سے اطلاع ملنے کے بعد بدھ کو یہاں میونسپل کارپوریشن انتخابات کے پروگرام کا اعلان ملتوی کردیا جبکہ دہلی کے وزیراعلی اروند کیجریوال نے اس کے لئے بی جے پی کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہاکہ شکست کے خوف سے انتخابات ملتوی کئے جارہے ہیں۔اسٹیٹ الیکٹورل کمشنر (ایس ای سی) ایس کے سریواستو شام پانچ بجے پریس کانفرنس کے دوران تاریخوں کا اعلان کرنے والے تھے۔ انہوں نے حالانکہ نامہ نگاروں سے کہاکہ مجھے شام ساڑھے چار بجے مرکزی حکومت سے کچھ پیغام ملا ہے۔ اس لئے میں ابھی تاریخوں کا اعلان کرنے کے قابل نہیں ہوں۔انہوں نے کہاکہ ہم انتخابات ملتوی نہیں کررہے ہیں۔ اگر 18مئی سے پہلے میونسپل کارپوریشنوں کا انضمام ہوتا ہے تو ہمیں صورتحال کی جانچ کرنی ہوگی۔ اس لئے ہمیں اس پر قانونی رائے لینے کے لئے ابھی وقت چاہئے۔مسٹر سریواستو نے کہاکہ حکومت غالباً’ایم سی ڈی کی تنظیم نو‘ کرنا چاہتی ہے ہوسکتا ہے کہ وہ تینوں کارپوریشنوں کو پھر سے ملا دیں، اس لئے ہمیں اس پر غور کرنا ہوگا اور پھر کارپوریشن کے انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کرنا ہوگا۔ کمیشن حکومت کی صلاح پر غور کرے گا۔انہوں نے کہاکہ اگر تینوں کارپوریشن ایک ہوجاتے ہیں تو ہمیں اسی کے مطابق فیصلہ کرنا ہوگا۔ ہم اس معاملہ پر قانونی رائے لے رہے ہیں۔مسٹر کیجریوال نے ٹوئٹ کرکے آج کہاکہ بی جے پی بھاگ گئی، دہلی میونسپل کارپوریشن انتخابات ملتوی کردیا، شکست تسلیم کرلی۔انہوں نے کہاکہ دہلی والے بہت غصہ میں ہیں۔کہہ رہے ہیں کہ ان کی ہمت کہ انتخابات نہ کرائیں؟ اب ان کی ضمانت ضبط کرائیں گے۔ ہمارے سروے میں ابھی 272میں سے 250سیٹیں آرہی تھیں۔ اب 260سے زیادہ آئیں گی لیکن الیکشن کمیشن کو بی جے پی کے دباو میں نہیں آنا چاہئے تھا۔(یو این آئی)