کیف ، نیویارک، 5 اپریل: یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی آج اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے خطاب کریں گے۔دوسری جانب یوکرین میں مبینہ جنگی جرائم کی تحقیقات کے لیے یوروپی یونین تفتیش کار بھیجے گی۔اس حوالے سے یوروپی یونین کمیشن کے سربراہ کا کہنا ہے کہ جنگی جرائم میں ملوث افراد کو سزا سے بچنا نہیں چاہیے۔دریں اثنا روس کی جانب سے 52 ممالک کے لیے 9 اپریل سے پروازیں بحال کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔روس نے بوچا میں نسل کشی سے متعلق یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کے الزامات بھی یکسر مسترد کر دیئے۔روسی مندوب کے شواہداقوام متحدہ میں روس کے مندوب وسیلے نیبنزیا نے صحافیوں کو مبینہ شواہد پیش کر دیئے۔روسی مندوب وسیلے نیبنزیا کا کہنا ہے کہ بوچا میں نسل کشی نہیں فالس فلیگ آپریشن کیا گیا، یہ فالس فلیگ آپریشن یوکرین کی حکومت اور مغربی اسپانسرز نے کیا۔ان کا کہنا ہے کہ یوکرینی نیشنل گارڈ نے جو ویڈیو بنائی اس میں بھی کہیں لاشیں نہیں تھیں، روسی فوج نے 30 مارچ کو بوچا سے انخلاء کیا اور2 اپریل تک سب صحیح تھا۔نبنزیا کا مزید کہنا ہے کہ لاشوں کی ویڈیو 3 اپریل کو سامنے آئی جو جھوٹ پر مبنی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ شہر سے انخلاء کے وقت میئر کو مسکراتے دیکھا جا سکتا ہے، اس وقت تو کسی لاش کا ذکر نہیں ہوا۔روسی مندوب نے اقوام متحدہ میں یہ بھی کہا کہ بوچا کے جنوبی مضافاتی علاقوں پر یوکرینی فوج نے شیلنگ کی تھی۔(یواین آئی)