نئی دہلی: صدر رام ناتھ کووند نے کہا کہ ہندوستانی برادری ہندوستان اور ہالینڈ کے درمیان بڑھتے ہوئے باہمی تعلقات کا سب سے اہم ستون ہے اور نہ صرف ہندوستان اور ہالینڈ کے درمیان بلکہ ہندوستان اور یورپ کے درمیان بھی ایک پل کا کام کرتی ہے۔مسٹر کووند نے بدھ کو ایمسٹرڈیم میں ہالینڈ میں ہندوستان کے سفیر رینت سندھو کی طرف سے دیے گئے استقبالیہ میں ہندوستانی برادری کے ارکان اور ہندوستان کے دوستوں سے خطاب کیا۔انہوں نے کہا کہ آج یورپ کی سرزمین ہالینڈ میں ہندوستانی نژاد تارکین وطن بڑی تعداد میں بستے ہیں۔صدر جمہوریہ نے کہا کہ گزشتہ ساڑھے سات دہائیوں میں ہندوستان اور ہالینڈ کے درمیان باہمی تجارت اور سرمایہ کاری میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ اب ہالینڈ ہندوستان میں تیسرا سب سے بڑا سرمایہ کار ہے۔ اسی طرح، ہندوستان بھی ہالینڈ میں سرفہرست سرمایہ کاروں میں سے ایک کے طور پر ابھر رہا ہے۔صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہالینڈ میں ہندوستانی پیشہ ور افراد نے بہت اچھا کام کیا ہے۔ تاجروں، ڈاکٹروں، بینکرز اور تکنیکی ماہرین کے طور پر وہ ڈچ معاشرے اور بڑے پیمانے پر معیشت کے ساتھ ساتھ عالمی برادری کے لیے بھی بہت اہمیت کے حامل ثابت ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کو اپنی حصولیابیوں اور کامیابیوں پر فخر ہے۔