نئی دہلی//وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ مشرقی لداخ میں چین کے ساتھ جاری فوجی تعطل کے پیش نظر بارڈر روڈز آرگنائزیشن (بی آر او) کوٹیکنالوجی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کرتے ہوئے صلاحیت بڑھانے اوربنیادی ڈھانچے کی سہولیات کو تیزی سے مضبوط بنانے کی کوشش کرنی چاہئے ۔مسٹرسنگھ نے ہفتے کے روز یہاں آرگنائزیشن کے 63 ویں یوم تاسیس کے موقع پرمنعقدہ پروگرام میں کہا ’’ حالیہ دنوں میں شمالی سیکٹر میں چین کی موجودگی میں اضافہ ہوا ہے ۔ پہاڑی علاقوں میں تعمیراتی کاموں میں ماہر ہونے کی وجہ سے وہ مختلف مقامات بہت جلد پہنچنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں ۔ بی آراو کو متوازی طریقے سے کام جاری رکھنا چاہیے اور ٹیکنالوجی کے پورے استعمال کے ساتھ اپنی صلاحیت کو بڑھانے پر توجہ دینی چاہیے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی طرف سے اس سمت میں بی آر او کو ضروری امداد فراہم کرنے کی پوری کوشش کر رہی ہے ۔وزیردفاع نے ملک کی سلامتی اور سرحدی علاقوں کی ترقی کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئےمالی سال2022-23 میں بی آر او کے کیپٹل بجٹ کو 40 فیص بڑھا کر 3,500 کروڑ روپے کرنے کا ذکر کیا ہے اور بی آر او کو نہ صرف بجٹ کی امداد بلکہ اس سمت میں ہر ممکن امداد کی یقین دہانی کرائی ہے ۔