سیول:جنوبی کوریا نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ شمالی کوریا نے ہفتے کے روز اپنے مشرقی ساحل سے ایک آبدوز سے بیلسٹک میزائل داغا ہے۔تین دن پہلے، جنوبی کوریا اور جاپان کی فوجوں نے بدھ کو دارالحکومت پیانگ یانگ سے شمالی کوریا کی طرف سے ایک مشتبہ بیلسٹک میزائل لانچ کرنے کی اطلاع دی تھی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ ممکنہ طور پر شمالی کوریا کا رواں سال کا 15واں میزائل تجربہ ہے۔یونہاپ نیوز ایجنسی نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیف آف اسٹاف (جے سی ایس) نے کہا کہ انہیں شمال کے مشرقی ساحلی شہر سنپو میں دوپہر 2 بجکر 7 منٹ پر (مقامی وقت) میزائل داغے جانے کی خبر ملی ہے۔جے سی ایس نے کہا کہ "جنوبی کوریا اور امریکی انٹیلی جنس کے افسران اس بارے میں مزید معلومات حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔”انہوں نے کہا کہ ہماری فوج امریکہ کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے تاکہ ان کی نقل و حرکت پر نظر رکھی جا سکے اور شمالی کوریا کی جانب سے دوبارہ میزائل داغنے کے امکان سے نمٹنے کے لیے بروقت تیار رہیں۔