انگلینڈ اور بھارت کے درمیان گزشتہ سال کھیلی گئی پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آخری میچ بھارتی کیمپ میں کورونا وائرس کا کیس آنے کے بعد ملتوی کرنا پڑا تھا۔اب یہ میچ یکم جولائی سے کھیلا جائے گا۔اس میچ کے لیے انگلینڈ کی ٹیم کا اعلان کر دیا گیا ہے۔انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے 15 رکنی ٹیم کا انتخاب کیا ہے جس میں سیم بلنگز کو جگہ دی گئی ہے۔ بھارت کے خلاف اس واحد ٹیسٹ میچ میں بین اسٹوکس انگلینڈ کے کپتان ہوں گے جب کہ روہت شرما بھی بھارتی ٹیم کے کپتان ہوں گے۔آخری میچ سے قبل دونوں ٹیموں کے ہیڈ کوچ اور کپتان کو تبدیل کر دیا گیا ہے۔ایسے میں یہ میچ دلچسپ ہوگا، جہاں ہندوستانی ٹیم یہ میچ جیت کر سیریز 3-1 سے جیتنا چاہے گی، وہیں میزبان ٹیم کی نظریں ٹیسٹ سیریز میں کھاتہ برابر کرنے پر ہوں گی۔ انگلینڈ کی ٹیم میں انہی کھلاڑیوں کو موقع ملا ہے جنہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف پیر کو ختم ہونے والی تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں حصہ لیا تھا۔باہر سے صرف سیم بلنگز اس 15 رکنی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔تاہم ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ جیمز اینڈرسن فٹ ہیں یا نہیں کیونکہ ان کی جگہ جیمی اوورٹن بھی اس میچ کے لیے اسکواڈ کا حصہ ہیں۔ بین اسٹوکس (کپتان)، جو روٹ، جونی بیرسٹو، سیم بلنگز، اسٹورٹ براڈ، ہیری بروک، جیک کرولی، بین فاکس، جیک لیچ، ایلکس لیز، جیمز اینڈرسن، کریگ اوورٹن، جیمی اوورٹن، اولی پوپ، میتھیو پوٹس۔