نئی دہلی: صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند اور وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کے روز ہندوستان کی ٹاپ شٹلر پی وی سندھو کو سنگاپور اوپن جیتنے پر مبارکباد دی۔
مسٹر کووند نے کہا کہ "پہلی بار سنگاپور اوپن 2022 ٹورنامنٹ جیتنے پر پی وی سندھو کو دلی مبارکباد۔ آپ کی قوت ارادی اور جوش متاثر کن ہے۔ امید ہے کہ آپ اسی طرح ملک کی شان و شوکت میں اضافہ کرتی رہیں گی۔”
وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی پہلی بار سنگاپور اوپن جیتنے پر سندھو کو مبارکباد دی۔ مسٹر مودی نے کہا کہ یہ ہندوستان کے لیے ایک قابل فخر لمحہ ہے اور اس سے ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوگی۔ مرکزی وزیر کھیل انوراگ ٹھاکر کے ایک ٹویٹ کے جواب میں، وزیر اعظم نے کہا، "میں پی وی سندھو کو ان کا پہلا سنگاپور اوپن ٹائٹل جیتنے پر مبارکباد دیتا ہوں۔ انہوں نے ایک بار پھر غیر معمولی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی ہے۔ یہ ملک کے لیے ایک قابل فخر لمحہ ہے اور اس سے ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوگی۔”
واضح رہے کہ ٹاپ شٹلر نے اتوار کے روز چین کے وانگ جی یی کو 21-9، 11-21، 21-15 سے شکست دے کر سنگاپور اوپن کا خطاب اپنے نام کیا ہے۔ یہ ان کا سال کا تیسرا بین الاقوامی ٹائٹل ہے۔ وہ اس سے قبل جنوری اور مارچ میں بالترتیب مودی انٹرنیشنل بیڈمنٹن چیمپئن شپ اور سوئس اوپن سپر 300 ٹائٹل جیت چکی ہیں۔ (یو این آئی)