لندن، 21 جولائی: نیوزی لینڈ کے سابق آل راؤنڈر اسکاٹ اسٹائرس نے کہا ہے کہ اگر شریاس ائیر شارٹ گیند کے خلاف اپنی کمزوری کو دور نہیں کرتے ہیں تو انہیں دوسرے کھلاڑیوں کے لیے جگہ خالی کرنی ہوگی۔انہوں نے اس کے لیے دیپک ہڈا کا نام بھی تجویز کیا۔اسپورٹس 18 کے ٹاک شو ‘اسپورٹس اوور دی ٹاپ میں بات کرتے ہوئے اسٹائرس نے کہا، "شریاس ایک بہترین کھلاڑی ہیں اور ان میں قائدانہ صلاحیت بھی ہے۔ وہ مستقبل میں ہندوستان کا کپتان بھی بن سکتے ہیں۔ اس لیے خراب فارم کے باوجود، میں انہیں اضافی مواقع دیناچاہوں گا۔ تاہم اس کے لیے انہیں اپنی کمزوریوں کوجلد از جلد دورکرناہوگا۔
شریاس کے لیے 2021 بہت اچھا سال تھا۔ انہوں نے محدود اوورز میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیسٹ ٹیم میں جگہ بنائی اور اپنے ڈیبیو میچ میں سنچری بنا کر پلیئر آف دی میچ کا اعزاز حاصل کیا۔ تب ایسا لگ رہاتھا کہ شریاس ٹیم انڈیا کے ان محدود کھلاڑیوں میں سے ہیں، جن کی تینوں فارمیٹس میں جگہ ہے۔ 2022 کا آغاز بھی ان کے لیے اچھا رہا۔ فروری 2022 میں، وہ سری لنکا کے خلاف تین ٹی 20 میچوں کی سیریز کے تمام میچوں میں نصف سنچریاں بنا کر سیریز کے بہترین کھلاڑی بنے تھے۔ اس کے بعد سری لنکا کے خلاف بنگلور ٹیسٹ میں ہی دونوں اننگز میں 92 اور 67 رن بنا کر وہ پلیئرآف دی میچ بنے تھے۔
آئی پی ایل 2022 میں بھی ان کی کارکردگی ٹھیک ہی رہی اور 14 اننگز میں انہوں نے تین نصف سنچریوں کے ساتھ 30.9 کی اوسط اور 134.5 کے اسٹرائیک ریٹ سے 401 رنز بنائے۔ لیکن اس کے بعد ان کی کارکردگی میں مسلسل کمی آئی ہے۔ آئی پی ایل 2022 کے بعد انہوں نے 6 ٹی 20 انٹرنیشنل اننگز میں صرف 24 کی اوسط سے 122 رنز بنائے ہیں، جس میں ایک بھی نصف سنچری شامل نہیں ہے۔ اسی طرح انہیں انگلینڈ کے خلاف برمنگھم ٹیسٹ میں بھی کھیلنے کا موقع ملا وہاں پر بھی انہوں نے مایوس کیاتھا۔ اس دوران وہ شارٹ گیندوں سے کافی پریشان ہوئے ہیں۔ (یو این آئی)